ڈپارٹمنٹل ٹیموں کا خاتمہ، کورونا وائرس کے سبب کرکٹرز بیروزگار

July 13, 2020

ڈپارٹمنٹل ٹیموں کا خاتمہ، کورونا وائرس کے سبب کرکٹرز بیروزگار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی کرکٹ سسٹم سے ڈپارٹمنٹل کرکٹ ٹیموں کا کردار ختم ہونے کے بعد کئی کرکٹرز مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔ کھلاڑیوں اور کوچز کی نظریں پی سی بی پر ہیں تاکہ وہ ڈپارٹمنٹ کے لئے قومی سیزن میں ونڈو تلاش کرسکیں اور وعدے کو عملی جامع پہنا سکیں۔ پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ اقبال قاسم کا کہنا ہے کہ ڈپارٹمنٹس کا کردار فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ پی سی بی نے گریڈ ٹو ٹورنامنٹ کرانے کا وعدہ کررکھا ہے۔ سابق فرسٹ کلاس کرکٹر خالد ارتضی تین ماہ سے اسٹیٹ بینک سے کنٹریکٹ ختم ہونے کے بعد ایک فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کے لئے ہوم ڈیلیوری کا کام کررہے ہیں۔ کچھ کھلاڑی موٹر سائیکل پر مختلف کام کررہے ہیں۔ لاہور میں پی سی بی لیول 2 کوچ عمران خٹک لیول 1 اور لیول 2 کورس کرنے کے بعد ماڈل ٹاؤن کی ایک اکیڈمی میں کوچنگ کررہے تھے ۔ عمران خٹک کاکہنا ہے کہ 10سال سے کوچنگ سے وابستہ ہوں ۔ زندگی کا نظام اچھا چل رہا تھا کہ کورونا وائرس نے کھیلوں کی سرگرمیاں بند کر دیں اور حالات نے اب ٹیکسی چلانے پر مجبور کردیا ہے۔ کوچ عمران خٹک نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈومیسٹک اور ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بحال کی جائے، اس سے سینکڑوں لوگوں کا روزگار بحال ہوگا۔