ٹریفک اور دیگر مسائل حل کیلئے ذمہ دارانہ رویئے چا ہئیں‘ راشد حفیظ

July 13, 2020

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) کورونا کنٹرول و مانیٹرنگ ضلع راولپنڈی کے انچارج صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ شہر میں ٹریفک سمیت بہت سے مسائل شہریوں کے ذمہ دارانہ اور قانون پسند رویوں سے بھی بہتر ہو سکتے ہیں- شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک جام کی تمام وجوہات میں سب سے بڑی وجہ شہریوں کی جلد بازی اور اس وجہ سے ٹریفک قوانین کی پابندی نہ کرنا ہے۔ اسی طرح شہریوں کے غیر ذمہ دارانہ رویئے کے باعث سیوریج لائنوں میں بے دریغ پلاسٹک شاپرز اور دیگر کوڑا کرکٹ ڈال دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے پانی کی نکاسی رک جاتی ہے اور بارش کی صورت میں سیلابی صورتحال پیدا ہوتی ہے جس سے کئی طرح کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ بحیثیت قوم ہم سب کو ذمہ دارانہ رویوں کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔ عوام تھوڑی احتیاط کریں تو بے شمار مسائل سے بچ سکتے ہیں- انہوں نے کہا کہ مون سون کے دوران شہریوں کو سیلاب سے بچانے کیلئے شہر بھر میں ندی نالوں بالخصوص نالہ لئی کی صفائی اور ڈی سلٹنگ کی جا رہی ہے، اس سلسلے میں شہریوں پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ تمام چھوٹے بڑے سیوریج چینلز کو رواں رکھنے کیلئے انہیں شاپروں اور دیگر گندگی سے آلودہ نہ کریں۔ٹریفک جام کے حوالے سے راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ ہمارے لوگ دوسروں کو راستہ دینے کی بجائے جلد بازی میں اُن کا راستہ بھی بند کر دیتے ہیں اور اس کے نتیجے میں خود بھی اپنا راستہ بند کروا لیتے ہیں- اگر ایک دوسرے کو راستہ دینے کے ذمہ دارانہ رویوں کو فروغ دیا جائے تو شہر سے ٹریفک جام جیسے مسائل فوری حل ہو سکتے ہیں۔