کورونا مریضوں کی تعداد میں کمی ،ہسپتالوں میں 86فیصد بیڈ خالی

July 14, 2020

راولپنڈی (اپنےرپورٹر سے)کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی ضلع بھر میں تعداد میں کمی آئی ہے۔ راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی، بینظیر بھٹو ہسپتال، ہولی فیملی ہسپتال اور ڈی ایچ کیو میں کورونا مریضوں کیلئے مختص 86فیصد بیڈز خالی پڑے ہیں۔ اس کے علاوہ سپورٹس کمپلیکس اور ریڈ کریسنٹ ہسپتالوں میں قائم کورونا فیلڈ ہسپتالوں میں 240 بیڈز میں سے صرف ایک بیڈ پر کورونا سے متاثرہ مریض موجود ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے آفیشل فیس بک پیج پر فراہم کردہ ڈیٹا کے مطابق، کورونا مریضوں کے لئے مختص سرکاری وسائل زیادہ تر زیر استعمال نہیں اور خالی پڑے ہیں۔ راولپنڈی کے الائیڈ ہسپتالوں اور راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی میں کورونا مریضوں کے لئے آئی سی یو وراڈز میں 78وینٹی لیٹرز میں سے 58خالی ہیں جبکہ 20پر انتہائی نگہداشت کے مریض موجود ہیں۔ اسی طرح آکسیجن کی سہولت 258بیڈز پر موجود ہے جن میں سے صرف 49بیڈز پر مریض ہیں اور 209بیڈز خالی ہیں۔