اے ایس پی ظاہر کرکے نوسربازنے تھانہ صادق آباد عملے کے ذریعے ڈیڑھ لاکھ ٹرانسفرکرالئے

July 14, 2020

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)اس سادگی پرکون نہ مرجائے اے خدا،خودکواے ایس پی ظاہر کرکے نوسربازنے تھانہ صادق آبادکے عملے کے ذریعے ڈیڑھ لاکھ روپے ٹرانسفرکرالئے۔تھانہ صادق آبادکو آصف سعیدڈار نے بتایا کہ کری روڈ پر میری موبائل شاپ ہے،11جولائی کو شام چھ بجے سب انسپکٹر اسلم شاہد نے میری دکان پرکام کرنے والے لڑکے فردوس کو فون کر کے گھرسے بلایا اورکہاکہ شاپ اونر کا نام اور نمبر دو ہمارے اے ایس پی صاحب ان سے بات کرناچاہتے ہیں۔ چھ بج کردس منٹ پر ایک نمبرسے میرے موبائل نمبرپرکال آئی اورکالرنے کہاکہ میں اے ایس پی بات کر رہاہوں،مجھے کچھ پیسے اپنے بیٹے کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفرکرنے ہیں ۔آپ تھانہ صادق آبادآجائیں ۔میں تھانہ صادق آبادآیاتوپتہ چلاکہ اے ایس پی صاحب جاچکے ہیں ۔اسی وقت مجھے کال آئی اورکہاکہ میں اے ایس پی بات کررہاہوں میں تھانہ نیوٹاؤن آگیاہوں ۔میری محررسے بات کراؤ،میں نے محررسے بات کرائی تومحررکواس نے بتایاکہ میں اے ایس پی عمران بات کررہاہوں یہ صاحب میرے مہمان ہیں میں اپنے ریڈرکوان کے پاس بھیج رہاہوں ان کوچائے پلاؤ۔اس کے بعدفون کرنے والے شخص نے چارنمبروں پرکل ڈیڑھ لاکھ روپے کیش ٹرانسفرکرائی ۔بعدمیں جب محرر نے اے ایس پی عمران کوفون کیاتوپتہ چلاکہ انہوں نے کوئیکال نہیں کی ۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی، حالات وواقعات ظاہرکرتے ہیں کہ نوسربازی کرنے والاگھرکابھیدی ہے جسے اے ایس پی کی موومنٹ لمحہ بالمحہ پتہ چلتی رہی۔ تفتیشی سب انسپکٹرسعیداکبرنے بتایاکہ ملزم کوجلدٹریس کرلیاجائے گا۔