کراچی: لانڈھی میں پولیس اہلکار دہشتگردی میں زخمی، ایسٹ زون میں تیسرا واقعہ

July 14, 2020

کراچی کے علاقے لانڈھی میں منگل کی شب دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگیا۔ ڈیڑھ ہفتے کے دوران کراچی کے ایسٹ زون میں پولیس پر حملے کا ایک ہی نوعیت کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق لانڈھی کے علاقے لانڈھی 89 بابر مارکیٹ میں بیت الحمزہ گراؤنڈ کے قریب موٹر سائیکلوں پر سوار دہشتگردوں کی فائرنگ سے باوردی پولیس اہلکار محمد حنیف شدید زخمی ہوگیا تھا۔

پولیس کے مطابق اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور شدید زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ایمبولینس میں جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

کراچی کے ایسٹ زون کی حدود میں پولیس پر حملے کا ڈیڑھ ہفتے کے دوران یہ تیسرا جبکہ ضلع کورنگی میں 4 دن کے دوران یہ دوسرا واقعہ ہے۔

ہفتہ 3 جولائی کو محمود آباد میں پولیس کانسٹیبل نعمان علی کو تھانے اور گھر کے راستے میں دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

اسی طرح 11 جولائی کو بھی دہشتگردی کا ایک واقعہ پیش آیا جب کورنگی نمبر 5 میں اسٹیڈیم کے قریب مسلح حملے میں شدید زخمی ہونے والا پولیس اہلکار اصغر احمد اگلے روز نجی اسپتال میں انتقال کرگیا تھا۔

محمود آباد اور کورنگی میں قتل کیے گئے پولیس اہلکاروں کا اسلحہ ملزمان ساتھ لے گئے تھے۔

ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر نے لانڈھی بابر مارکیٹ کے قریب فائرنگ سے پولیس اہلکار کے زخمی ہونے کے واقعہ پر ایس ایس پی کورنگی سے تمام تر ضروری پولیس کارروائی اور اقدامات پر مشتمل رپورٹ فی الفور طلب کرلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ زخمی اہلکار کے اہلِ خانہ سے مستقل روابط کو یقینی بناتے ہوئے علاج معالجے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس اہلکار پر فائرنگ میں ملوث ملزمان کی جلد سے جلد گرفتاری کے لیے دیگر سیکیورٹی اداروں سے رابطے میں رہتے ہوئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔