پنجاب، محکمہ ایکسائز کو تمام دفاتر کھولنے کی اجازت

July 15, 2020

پنجاب میں عالمی وبا کورونا کے باعث بند محکمہ ایکسائز اور ٹیکسیشن کے تمام دفاتر کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس ممتاز احمد نے نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام اپنے ٹیکسز آسانی سے جمع کراسکتے ہیں، تمام دفاتر میں پراپرٹی، پروفیشنل، موٹر وہیکل سمیت دیگر ٹیکسز جمع کرانے کی اجازت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ شہری اپوائٹمنٹ مینجمنٹ سسٹم کے تحت محکمہ ایکسائز کی سہولیات سے مستفید ہو سکتے ہیں، شہری آن لائن اپوائنٹمنٹ لیں اور اپنے مقررہ وقت اور تاریخ پر دفتر آکر اپنا کام کرا سکتے ہیں۔

ممتاز احمد نے کہا کہ ای پے کے ذریعے رقم جمع کرانے والوں کو 25 فیصد چھوٹ دی جا رہی ہے، شہری گھر بیٹھے اپنا ٹوکن ٹیکس جمع کرا سکتے ہیں اور چھوٹ بھی لے سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ کورونا وبا کے باعث 22 مارچ کو محکمہ ایکسائز کے دفاتر کو شہریوں کے لیے بند کردیا گیا تھا۔