بارسلونا: شہدائے کشمیر کو عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریب

July 15, 2020

شہدائے کشمیر کے عنوان سے قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا میں ایک تقریب منعقدہوئی، جس میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی شریک تھی۔

قاری عبدالرحمان کی آواز میں تلاوت کلام پاک سے شروع ہونے والی اس تقریب میں خصوصی شرکت کے لئے یونائیٹڈ نیشن کے آبزرور رانا بشارت علی خصوصی طور پر برطانیہ سے بارسلونا پہنچے تھے۔

تقریب سے قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری، ملک شریف، راجہ سونی، رانا بشارت علی، عبدالغفار مرہانہ، افضال احمد بیدار، محترمہ فرح اعوان، محمد اقبال چوہدری اور دوسرے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہمیں اُن شہدا ئے کشمیر کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے ڈوگرہ راج میں ایک اذان کی تکمیل کے لئے اپنی 22 قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، تو مقبوضہ کشمیر میں جد و جہد آزادی کا باقاعدہ آغاز ہوا اور اب تک لاکھوں کشمیری اس آزادی کے لئے اپنی جان ومال اور عزتیں قربان کر چکے ہیں۔

مقررین کا کہنا تھا کہ آج ہم اُن شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں اور کشمیر کی آزادی تک یہ خراج پیش کیا جاتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت دنیا کی بڑی طاقتوں اور امن کے ٹھیکیداروں کو چاہیئے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کا نوٹس لے اور بھارتی جارحیت ختم کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

اس موقع پر جنگ سے بات کرتے ہوئے قونصل جنرل بارسلونا نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کا دو ٹوک موقف واضح ہے، ہم کشمیر کی اخلاقی اور سفارتی امداد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس ہفتے میں ہم نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے دوسرا پروگرام ترتیب دیا ہے جسکا مقصد یہاں کی ہسپانوی کمیونٹی تک اُن مظالم کی تصاویر پہنچانا ہے۔ جس پر دنیا کی بڑی طاقتوں نے اپنی آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔

تقریب میں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کی ویڈیوز بھی دکھائی گئیں اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ کشمیریوں کو اپنی مرضی سے جینے کا حق دینے کے لئے بھارت پر زور دیا جائے اور فی الفور بھارتی افواج کو مقبوضہ کشمیر سے باہر نکالا جائے۔

چوہدری سلیم لنگڑیال، کلیم الدین وڑائچ، چوہدری امتیاز لوراں، جاوید مغل، ایاز عباسی، نامدار اقبال خان اور واصف نذیر بجاڑ نے خصوصی طور پر تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی کے لئے دُعا کی گئی۔