ریان ائر کی پرواز کو بم کی افواہ پر سٹینسٹڈ پر اتار لیا گیا

July 16, 2020

لندن (پی اے) کراکو سے ڈبلن جانے والی ریان ائر کی پرواز کا رخ ٹوائلٹ میں بم نوٹ کی موجودگی کے بعد سٹینسٹڈ ائرپورٹ کی جانب موڑ دیا گیا تاکہ ایسکیس پولیس کے آفیسرز طیارے میں کسی مشتبہ چیز کو چیک کر سکیں۔ بم نوٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ طیارے میں ایکسپلوسیو ڈیوائس موجود ہے۔ دو آر اے ایف طیاروں نے اس پرواز کو گھیرا اور یہ پرواز پیر کو مقامی وقت 18:40 بی ایس ٹی پر ائرپورٹ پر اتری۔ پولیس نے اس کی تلاشی لی اور کہا کہ کچھ نہیں ملا۔ پرواز کو خطرے میں ڈالنے کی دھمکی کے شبہ میں دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے کہا کہ 26 اور 47 سال عمر کے دو مردوں کو کسٹڈی میں لیا گیا جبکہ پرواز کو سٹینسٹڈ ائرپورٹ اور آپریٹرز کے حوالے کر دیا گیا۔ ائر لائن ترجمان نے کہا کہ پرواز نے معمول کے مطابق لینڈ کیا لیکن اسے ریموٹ سٹینڈ پر ٹیکسی کرایا گیا جہاں مسافروں کو بحفاظت طیارے سے نکالا گیا تھا۔ آر اے ایف طیاروں کے ساتھ فوٹیج ٹوئٹر پر شیئر کی گئی۔ قبل ازیں ریان ائر کی ترجمان نے کہا کہ ائر کرافٹ اور مسافروں کو یوکے پولیس چیک کر رہی ہے جو یہفیصلہ کرے گی کہ وہ ایک اضافی ائر کرافٹ میں کب ڈبلن کا سفر کرسکیں گے۔ دوسری جانب ڈبلن میں کراکو جانے کے منتظر مسافروں کو ایک اور اضافی طیارے میں ٹرانسفر کیا جا رہا ہے تاکہ پرواز میں کسی تاخیر کو کم سے کم کیا جا سکے۔ پولیس نے تصدیق کی کہ تمام مسافر طیارے سے بحفاظت اتار لیے گئے تھے۔