فنڈنگ نہ ہونے سے 3000 فارمیسیز کی بندش کا خدشہ ہے، باب سیلی

July 16, 2020

لندن (پی اے) ٹوری ایم پی باب سیلی نے متنبہ کیا ہے کہ حکومت کی جانب سے مزید فنڈنگ نہ ہونے کے نتیجے میں تقریباً 3000 فارمیسیز کی بندش کا خدشہ ہے۔ باب سیلی نے ایم پیز کو بتایا کہ گزشتہ چار برسوں کے دوران فارمیسیز کیلئے فنڈنگ میں 200 ملین پونڈ کی کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس سیکٹر کیلئے بڑی مالی سپورٹ کی ضرورت ہے جو کہ اس پینڈامک کے دوران ہائی سٹریٹ میں ہیلتھ کیئر کا چہرہ ہے۔ باب سیلی نے مزید کہا کہ مالی مشکلات کی وجہ سے 3000 فارمیسیز کی بندش کا خطرہ ہے۔ انڈیپنڈنٹ فارمیسیز پر تحریک التوا پر بحث میں باب سیلی نے کہا کہ کورونا وائرس کوویں 19 کے بحران میں بہت سے ہیلتھ کیئر پرووائیڈرز نے اپنے دروازے بند کر دیئے جبکہ خود اور اپنے سٹاف کو خطرات کے باوجود فارمیسیز اس مشکل وقت میں کھلی رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کمیونٹیز میں بہت سے لوگوں کیلئے این ایچ ایس فارمیسیز ہائی سٹریٹ میں ہیلتھ کیئر کا چہرہ ہیں اور یہ ان کا بڑا کریڈٹ ہے کہ اس مشکل اور کڑے وقت میں خطرات کے باوجود کھلی رہیں اور مریضوں کی خدمت کی اور بسا اوقات اپنی لاگت پر ڈلیوری کی۔ کمزور اور ناتواں افراد اور انتہائی بیمار مریضوں کیلئے ان کی ضروریات کے مطابق دوائوں کی فراہمی کو یقینی بنایا۔ مریضوں کے گھروں پر دوائیں پہنچانے کا بھی بندوبست کیا۔ باب سیلی نے کہا کہ بہت سی لوکل فارمیسیز نے ان خدشات کا اظہار کیا ہے کہ مالی مشکلات اور فنڈز کی کمی کے نتیجے میں وہ اگلے سال یا دو سال میں بند ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورت حال تشویشناک ہے۔ یہ فارمیسز ہیلتھ سروسز کا خاصا دبائو کم کرتی ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ اگر یہ فارمیسز بند ہو گیئں تو یہ پوری قوم کیلئے شرمناک بات ہوگی۔ ٹوری ایم پی باب سیلی نے کہا کہ گزشتہ چار برسوں کے دوران فارمیسیز کیلئے فنڈنگ سکڑ گئی ہے اور اس میں تقریباً 200 ملین پونڈ کی کمی آئی ہے۔ اعداد وشمار سے اندازہ ہوتا ہے کہ 3000 فارمیسیز بند ہو جائیں گی اور بہت سی مزید مشکلات میں پھنس جائیں گی۔ یہ ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقفین ہے کہ منسٹر اس سے اتفاق کریں گے کہ فارمیسی سیکٹر انتہائی اہمیت کا حامل اور پائیدار سیکٹر ہے اور یہ ملک میں این ایچ ایس نیٹ ورک کا اہم جز ہے، کیونکہ یہ اے اینڈ ای اور جی پیز دونوں پر سے خاصا دبائو کم کر دیتا ہے اور ہمیں اس کی شدید ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیا وہ (ہیلتھ منسٹر) کیا کچھ کہنا پسند کریں گی، جس سے میرے حلقے میں انڈی پینڈنٹ فارمیسیز کو یقین دہانی ہو سکے اور اس کی قدر و اہمیت کے حوالے سے بہت سے دوسروں کو بھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی بتایا جائے کہ حکومت ان کو کس طرح سپورٹ کرنے کی خواہاں ہے۔ ہیلتھ منسٹر جو چرچل نے کورونا وائرس پینڈامک کی وجہ سے دریش چیلنجز میں لوکل فارمیسیز کے رسپانس کو سراہا اور کہا کہ ان کا کردار واقعی اہم ہے۔ ہیلتھ منسٹر نے کہا کہ کورونا پینڈامک کا ہیلتھ اینڈ کیئر سسٹم کے تمام حصوں کو چیلنج جاری ہے اور لوکل فارمیسز اس دوران مکمل کھلی ہیں۔ یہ حقیقی معنوں میں فرنٹ لائن پر ہیں۔