رپورٹ چھپا دیتے تو آگے بھی حادثات ہو سکتے تھے، صداقت علی

July 16, 2020

رپورٹ چھپا دیتے تو آگے بھی حادثات ہو سکتے تھے، صداقت علی

کراچی( ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آپس کی بات‘‘میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی نے کہا ہے کہ طیارہ حادثہ میں رپورٹ چھپا دیتے تو آگے بھی حادثات جنم لے سکتے تھے،ن لیگ کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی نے معیشت تباہ کردی،لاڈلوں کو ملک کھیلنے کیلئے دے دیا گیا،پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے کہا کہ PIA پر لوگوں کا بھروسہ جلد بحال نہیں ہوگا۔رہنما تحریک انصاف صداقت علی عباسی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کے جعلی لائسنس کی رپورٹ کو بہتر انداز میں پیش کیاجاسکتا تھا لیکن ایک حادثے کے بعد جب رپورٹ تیار کی گئی تو کیا اسے عوام کے سامنے نہ لایا جاتا ۔جعلی لائسنس کی رپورٹ سامنے لانے سے ممکن ہے وقتی طور پر ہمیں نقصان پہنچے لیکن اس فیصلے سے دوررس نتائج سامنے آئیں گے ۔ماضی میں پی آئی اے کو ڈبویا گیا اگر رپورٹ چھپا دیتے تو آگے بھی حادثات جنم لے سکتے تھے ۔وزیرہوابازی غلام سرورنے جو بیان دیا وہ ملک دشمنی میں ہرگز نہیں دیا ۔اگر رپورٹ لیک ہوجاتی توہماری بہت تضحیک ہوتی رپورٹ پبلک کرنے سے ملک کا تاثر بہتر جانا چاہئے تھا ۔پاکستانی پاسپورٹ کادرجہ بڑھ گیا ہے۔