ہمایوں سعید کی عمران اشرف کے بیٹے کیساتھ تصویر وائرل

July 19, 2020

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار ہمایوں سعید کی عمران اشرف کے بیٹے روہم کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

ہمایوں سعید نے عمران اشرف اور کرن عمران کی شادی کی دوسری سالگرہ کے موقع پر فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک یادگار تصویر پوسٹ کی ہے یہ تصویر عمران اشرف کے بیٹے روہم اشرف کے پیدائش کے کچھ وقت بعد کی ہے۔


ہمایوں سعید کی جانب سے پوسٹ کی جانے والی تصویر میں اُنہوں نے روہم اشرف کو اپنی باہوں میں لیا ہوا ہے۔

تصویر پوسٹ کرتے ہوئے ہمایوں سعید نے عمران اشرف اور اُن کی اہلیہ کرن اشرف کو شادی کی دوسری سالگرہ کی مبارکباد دی اور لکھا کہ ’مجھے یاد ہے کہ جب روہم کی پیدائش ہوئی تھی تو عمران اشرف نے مجھ سے وعدہ کیا تھا کہ سوشل میڈیا پر اُن کے بیٹے کی پہلی تصویر میں پوسٹ کروں گا۔‘

اداکار نے لکھا کہ ’لہٰذا وعدہ پورا کرتے ہوئے میں روہم کے پیدائش کے وقت کی پہلی تصویر آج پوسٹکر رہا ہوں۔‘

اُنہوں نے اپنے پیغام میں عمران اشرف اور اُن کے اہلخانہ کی خوشیوں سے بھرپور زندگی کے لیے بھی دُعا کی۔

واضح رہے کہ عمران اشرف اور کرن عمران 2018 میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور گزشتہ سال اُن کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام روہم اشرف ہے۔