بیلجیئم، کورونا وائرس دوبارہ پھیلنے لگا

July 19, 2020

بیلجیئم میں ایک بار پھر سے عالمی وبا کورونا وائرس پھیلنے لگا ہے۔

دی انٹر ہیلتھ فیڈرل انسٹیٹیوٹ (Sciensano) کے مطابق اب روزانہ 200 نئے مریض سامنے آرہے ہیں جبکہ گزشتہ ہفتے کے دوران یہ تعداد 80 افراد روزانہ تھی۔ اس طرح نئے مریضوں میں 61 فیصد کا اضافہ سامنے آرہا ہے۔

یاد رہے کہ صحت کے ماہرین عوام کی جانب سے لاک ڈائون کے خاتمے کے بعد اختیار کردہ رویے کو نامناسب قرار دے رہے ہیں۔

وہ خبردار کر رہے ہیں کہ کورونا وائرس ختم نہیں ہوا بلکہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے باعث اس کے پھیلاؤ میں کمی واقع ہوئی ہے۔

اسی حوالے سے حکومت نے آج اس تازہ ترین صورتحال کے بعد سیکیورٹی کونسل کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔

دوسری جانب معاشی صورتحال کے باعث مختلف تجارتی حلقوں نے حکومت کو آگاہ کیا ہے کہ اس وائرس کے باعث لگنے والے معاشی زخموں سے مسلسل خون بہ رہا ہے۔ اگر اس صورتحال کا تدارک نہ ہوا تو روزگار فراہم کرنے والے کئی شعبے دم توڑ جائیں گے۔