کورونا سے امریکا میں حالات مزید بد تر ہوں گے،ٹرمپ

July 22, 2020


امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تسلیم کیا ہے کہ کورونا وبا سے ملک میں حالات بہتر ہونے سے پہلے مزید بد تر ہوں گے۔ امریکا میں اس خطرناک بیماری سے ہلاک افراد کی تعداد ایک لاکھ 45 ہزار اور بیماروں کی تعداد 40 لاکھ تک جا پہنچی ہے۔

وائٹ ہاؤس میں بغیر ماسک لگائے پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ماسک پہنیںاورکہا کہ وہ خود بھی ماسک اپنے ساتھ رکھتے ہیں۔

امریکا کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول نے تسلیم کیا ہے کہ ملک میں کورونا کے شکار افراد کی اصل تعداد رپورٹ کیے گئے کیسز سے کم سے کم تیرہ گنا زیادہ ہے۔ نیویارک، کیلی فورنیا، فلوریڈا، ٹیکساس اور نیوجرسی سب سے زیادہ متاثر ہیں۔

پچاس روز بعد ملک میں پھر سے روزانہ ایک ہزار افراد کی اموات بھی ہونے لگی ہیں جبکہ صرف کیلی فورنیا میں بیماروں کی تعداد چار لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

امریکی حکام نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ دو مشتبہ ہیکرز نے امریکا میں تیار کی جانیوالی ویکسین کا ڈیٹا چین کے لیے چرانے کی کوشش کی ہے۔