یہ یزیدی سرکار کیا کر رہی ہے،شیری رحمٰن ،ہم حسینی ہیں،علی محمد ،آپ نکمے اور نالائق ہیں،مشاہد اللہ ،سینیٹ اجلاس کی جھلکیاں

July 25, 2020

اسلام آباد (ناصر چشتی،شکیل اعوان ) سینٹ میں جمعہ کو اجلاس کی صدارت ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے کی، رانا مقبول نے صادق آباد میں بیٹے کی طرف سے ماں پر تشدد اور ظفروال میں بھوک و افلاس سے تنگ آکر بچوں کو زہریلی دوا پلانے کے واقعہ کا ذکر کیا، وزیر مملکت علی محمد نے کہا کہ دونوں واقعات حاصل فکر اور باعث شرم ہیں، معاشرے میں حکومت سب کی ذمہ داری ہے کہ دوسروں کا احساس کیا جائے، اس پر کڑی سے کڑی سزا ملنی چاہیے، چیئرمین نے دونوں معاملات کو انسانی حقوق سے متعلق کمیٹی کے سپرد کر دیا،سینیٹرز جب ضمنی سوال کرتے تو چیئرمین بار بار کہتے کہ آپ تقریر نہ کریں سوال کریں، سینیٹر عتیق نے ایک موقع پر کہا کہ میرے سوالات کی وجہ سے کمیٹی کی رکنیت اور چیئرمین شب سے گیا مگر عوام کو اس کا جواب ملنا چاہیے، وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ سابق وزرائے اعظم نے جو دورے نجی حیثیت میں کئے ہیں اور ان کا خرچ قومی خزانہ سے ادا کیا گیا ہے اس کا جواب آنا چاہیے، گیس کی کمی کے حوالے سے سینیٹر شیری رحمان کے توجہ دلائو نوٹس پر رپورٹ دینے کیلئے چیئرمین پٹرولیم قائمہ کمیٹی سے 20 جولائی سے 60 دن کی مہلت طلب کی جس کی ایوان نے اجازت دے دی،سینیٹر ولید اقبال نے کہاکہ تحریک کی منظوری دینا کوئی گناہ نہیں،سینیٹر شیری رحمان نے کہاکہ یہ یزیدی سرکار کیا کر رہی ہے،سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ سلیم مانڈوی والا آپ بھی پائلٹ ہیں، امید ہے کہ آپ کا لائسنس اصلی ہو گا،پارلیمانی امور کے وزیر علی محمد خان نے کہا کہ ہم حسینی حکومت ہیں،مشاہد اللہ خان نے کہاکہ یہ نکمے نالائق ہیں، سب کی باری آنے والی ہے،ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے مختلف ارکان کو چٹ بھجوائیں،مشاہد اللہ خان وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کے پاس گئے وہ کھڑے ہو گئے دونوں باتیں کرتے رہے ۔