ہماری صحت کیلئے زنک کتنا لازمی ہے؟

July 27, 2020

انسانی صحت کا توازن برقرار رکھنے کے لیے وٹامنز اور منرلز کا اہم کردار ہوتا ہے، مائیکرو نیوٹرینٹ منرل زنکہماری روز مرہ کی زندگی میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے، اس کی کمی سے متعدد بیماریاں جنم لیتی ہیں جبکہ اس کا مطلوبہ مقدار میں استعمال نہایت مفید ثابت ہوتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق زنک کی کمی سے متعدد بیماریاں جیسے کہ ڈائریا، نظام ہاضمہ کی خرابی، ذہنی صلاحیت کا متاثر ہونا اور قوت مدافعت کا کمزور ہونا شامل ہیں جبکہ اس کا صحیح مقدار میں استعمال کرنے سے کئی بیماریوں کا علاج ممکن اور مجموعی صحت کے لیے مفید ہے۔

طبی ماہرین کی جانب سے زنک کا استعمال روزانہ کی بنیاد پر تجویز کیا جاتا ہے، طبی ماہرین کے مطابق ایک دن میں 25 ملی گرام سے زیادہ زنک کا استعمال نہیں کرنا چاہیے، زنک کی زیادتی بھی نقصان دہ ثابت ہوتی ہے جبکہ اس کی کمی دور کرنے کے لیے سپلیمنٹس کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔

زنک کا استعمال زندگی کے تمام مراحل خاص طور پر حمل کے دوران مفید ہے ، زنک کا استعمال چھوٹے بچوں اور نوجوانوں کے لیے نہایت لام و ملزوم منرل ہے، اس کا استعمال نئے جسمانی خلیوں کے بننے میں مدد فراہم کرتا ہے ۔

زنک دلیے، دالوں، خشک میوہ جات ، دودھ سے بنی مصنوعات، لال گوشت اور انڈوں میں پایا جاتا ہے، زنک کی کمی کا براہ راست غذا سے تعلق ہے، زنک کی کمی پوری کرنے کے لیے مندرجہ بالا غذائیں تجویز کی جاتی ہیں۔

زنک کی کمی کے سبب صحت سے متعلق پیش آنے والی چند شکایتیں مندرجہ ذیل ہیں :

جلدی امراض میں اضافہ

زنک کی کمی کے سبب زخم دیر سے بھرتے ہیں جبکہ متاثرہ جلد کا صحت مند ہونے کا عمل بھی سُست پڑ جاتا ہے۔

صاف ستھری ، بے داغ جلد کے لیے ڈاکٹرز کی جانب سے زنک کا استعمال تجویز کیا جاتا ہے، زنک نا صرف جِلد بلکہ بالوں، ناخنوں کی صحت کے لیے مفید ہے ۔

نظام ہاضمہ کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے

زنک کی کمی کے باعث بھوک میں کمی آتی ہے، یہ مسئلہ زیادہ تر بچوں کے ساتھ پیش آ تا ہے، بھوک کا نہ لگنا اور غذا کے ہضم ہونے میں مشکلات پیش آنا، زنک کی کمی سے ذائقے کی حس بھی متاثر ہوتی ہے ۔

ذہنی صلاحیت کا متاثر ہونا

زنک کی کمی سے ذہنی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے جس میں در پیش صورتحال کا سمجھ میں نہ آنا، باتوں کا جلدی بھول جانا، بولنے میں مشکلات پیش آنا اور باتوں کا سمجھ میں نہ آنا شامل ہے، اسی لیے زنک حاملہ خواتین اور بچوں کے لیے ناگزیر منرل قرار دیا جاتا ہے ۔

قوت مدافعت کا کمزور ہونا

زنک کی کمی سے انسانی جین میں موجود ’ڈی آکسی رائیبو نیوکلک ایسڈ‘ (ڈی این اے) کی سطح متاثر ہو سکتی ہے جس کے نتیجے میں انسانی جسم کو بیماروں سے بچانے والا نظام ’امیون سسٹم‘ کمزور ہو سکتا ہے ۔

’امیون سسٹم‘ قوت مدافعت کمزور ہونے کے سبب انسان موسمی بیمارویوں، وائرل، انفیکشن سمیت ڈائریا اور میلیریا کا جلد شکار ہو سکتا ہے ۔

زنک کی کمی سے نشو نما ( Growth issues) کے مسائل کا پیش آنا

جسم میں نئے خلیوں کا بننے کا عمل نہایت لازمی ہے، نئے خلیے پرانے اور متاثرہ خلیوں کی جگہ لیتے ہیں اور انسان کی نشونما کا نظام جاری رہتا ہے جبکہ زنک کی کمی سے نئے خلیوں کے بننے کا عمل رک جاتا ہے جس سے نشو نما میں مشکلات پیش آتی ہیں۔