امریکا میں طیارہ گھر پر جا گرا

July 28, 2020

امریکا میں ایک انجن والا چھوٹا طیارہ گھر کے پچھلے حصے میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 9 ماہ کی بچی سمیت تین افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔

یہ واقعہ امریکی ریاست اوٹاہ میں پیش آیا جہاں ایک چھوٹا طیارہ ایک گھر کے بیک یارڈ میں کریش ہوگیا،طیارہ گرتے ہی مکان میں آگ بھڑک اٹھی۔

ویسٹ جورڈن پولیس کے مطابق طیارے میں پائلٹ سمیت 6 افراد سوار تھے جن میں 3 بچے بھی شامل تھے۔ حادثے میں پائلٹ، جہاز میں سوار ایک خاتون اور 9 ماہ کے بچے کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی ہے۔

حادثے کے بعد جائے حادثہ پر متعدد میڈیکل ہیلی کاپٹرز، آگ بجھانے والی گاڑیاں اور ایمبولینسز پہنچ گئیں جنہوں نے فوری طور پر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

فی الحال اس کا تعین نہیں ہوسکا کہ طیارہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے کریش ہوا یا پائلٹ کی غفلت کے باعث حادثہ پیش آیا۔