چمن بارڈر مسئلے پر کل اجلاس طلب کیا ہے، وزیر داخلہ بلوچستان

July 30, 2020

صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان ضیا لانگو کا کہنا ہے کہ چمن بارڈر مسئلے پر کل اجلاس طلب کیا ہے، اجلاس میں چمن بارڈر کمیٹی کے ممبران شرکت کریں گے، جبکہ اجلاس میں وفاقی حکومت کو بھی آن بورڈ لیاجائےگا۔

کوئٹہ میں پریس کا نفرنس کے دوران وزیر داخلہ بلوچستان نے کہا کہ چمن میں دھرنے پر بیٹھے کچھ لوگوں نے سرحد پار کرنےکی کوشش کی، کچھ شرپسندوں نےقرنطینہ اور نادراسینٹر کوآگ لگائی، چمن کے لوگ پرامن ہیں وہاں کچھ شرپسندوں نے عوام کو اکسایا۔

ضیا لانگو نے کہا کہ چمن میں فورسز کا کہنا ہے انہوں نے ہوائی فائرنگ کی، جبکہ شر پسندوں کی فائرنگ سے اموات اور لوگ زخمی ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ چمن کے شہری ہمارے بھائی ہیں ان کے ساتھ سختی نہیں کرسکتے ہیں۔

صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ کسی غیرملکی فورس کو اپنی فورس پر حملے کی اجازت نہیں دیں گے، ہم اپنی فورس پر حملہ کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔

ضیا لانگو نے کہا کہ سی پیک کی وجہ سے کئی قوتیں ہمارے پیچھے لگی ہوئی ہیں۔