شہبازشریف کی پٹرول، چینی کی قیمتوں میں اضافےکی مذمت

August 01, 2020

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے پٹرول اور چینی کی قیمتوں میں اضافےکی مذمت کی ہے۔

ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ عید کے موقع پر عوام پر ایک اور پٹرول بم پھینک دیا گیا، نااہل اور کرپٹ حکومت نے عوام کی خوشیاں چھین لی ہیں۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ بے حس حکومت کو عوام کی تکالیف کا کوئی احساس نہیں ہے، مہنگائی، بےروزگاری اور معیشت کی تباہی سے عوام پہلے ہی پریشان ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ چینی کی 100روپے کلو میں فروخت ثبوت ہے کہ مافیا کا کنٹرول ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت میں 52 روپے میں فروخت ہونے والی چینی اب 100روپے کلو مل رہی ہے، کیا یہ ہے تبدیلی؟ اور یہ ہے کیا نیا پاکستان؟۔

شہباز شریف نے کہا کہ عید پر چینی، پٹرول مہنگا کرکے عمران نیازی حکومت نے عوام دشمنی کا مظاہرہ کیا۔