فرانس :’پالک‘ نے چار خواتین کو اسپتال پہنچا دیا

August 01, 2020

زیریلے پودے کے پتوں کو پالک سمجھ کر پکا کر کھانے والی فرانس کے ایک ہی خاندان کی چار خواتین کی حالت غیر ہوگئی، جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کرنا پڑا۔

فرانس میں زہریلے پھول کو نیوزی لینڈ کی پالک سمجھ کر کھانے والی ایک ہی خاندان کی چار خواتین کو تشویشناک حالت میں اسپتال جانا پڑگیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کی فوڈ سیفٹی ایجنسی نے بتایا ہے کہ متاثر ہونے والی چار خواتین نے داتورا کے پتے کھا لیے تھے۔

ایجنسی کے مطابق خواتین نے داتورا کے پتوں کو نیوزی لینڈ کی پالک سمجھ کر ایک ڈش پکائی انہوں نے یہ پتے اپنے باغ میں اُگائے تھے۔ فرانس میں حکام نے لوگوں کو خبردار کیا کہ وہ زہریلے پھول کو نیوزی لینڈ کی پالک نہ سمجھیں۔

ایجنسی کا کہنا تھا کہ متاثر ہونے والی چاروں خواتین میں سنگین علامات دیکھنے میں آئیں، جن میں بخار، دماغ پر اثر اور گردے خراب ہونا بھی شامل ہے۔ تاہم چاروں خواتین کی حالت ااب خطرے سے باہر ہے تاہم انہیں طویل عرصے تک طبی نگہداشت کی ضرورت ہوگی۔