عید پر دوستوں اور رشتہ داروں سے دور رہنا ایک عجیب احساس ہے:صنم سعید

August 02, 2020

پاکستان ٹی وی اور فلم انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ صنم سعید نے عید الاضحیٰ کے موقع پر عالمی وبا کے پیش نظر رشتہ داروں اور قریبی دوستوں سے دور عید منانے کو ایک عجیب احساس قرار دیا ہے۔

تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر صنم سعید نے مداحوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ کورونا سے بچاؤ کے ایس او پیز پر سختی سے عمل پیرا ہوں۔

انہوں نے لکھا کہ وہ پُر امید ہیں کہ تمام لوگوں نے یہ عید آگاہی، عاجزی، امن اور مہربانی کے ساتھ منائی ہوگی۔


اداکارہ نے لکھا کہ موجودہ وقت انتہائی مشکل اور ایک امتحان کی گھڑی ہے، لیکن حکومت کی جانب سے بنائے گئے ایس او پیز پر عمل کر کے ہم نے صحت کے شعبے کو بحال کرلیا ہے اور کورونا کو تقریباً شکست دینے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

صنم سعید نے اپنے عوام کی حوصلہ افزائی کرتے اور اچھے دنوں کی امید دلاتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ عید کے تہوار پر رشتہ داروں اور دوستوں سے دور ہونا پریشان کُن ضرور ہے لیکن ہم کچھ عرصے بعد اُن سے اچھے حالات میں مل سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا لازم ہے تاکہ جب ہم اپنے رشتہ داروں سے ملیں تو تب کوئی غم یا پریشانی نہ ہو۔

اپنے پیغام کے آخر میں اداکارہ نے لوگوں کیلئے طاقت، ہمت، حوصلے، خوشیوں، اور امن کی دعا بھی کی۔