مرغزار چڑیا گھرکے شیر کی ویکسی نیشن ہوئی نہ کھانا دیا گیا، رپورٹ

August 04, 2020

اسلام آباد ( اپنے نامہ نگار سے) مرغزار چڑیاگھر سے منتقلی کے دوران شیر کی ہلاکت کی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی ہے جس کے مطابق مرغزار چڑیا گھرکے شیر کو دوران منتقلی کھانا دیاگیا نہ ہی ویکسی نیشن کی گئی، مناسب جگہ نہ ملنے سے شیر کا دم گھٹ گیا۔ یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینمل سائنسز لاہور کے پیتھالوجی ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شیر کی منتقلی کے دوران وائلڈ لائف قوانین کی خلاف ورزی کی گئی، شیر بھوک پیاس سے لاغر ہو چکا تھا، سفر کے دوران شیر کیلئے جگہ انتہائی کم تھی ۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ خون نکلنے کی وجہ سے پھیپھڑوں کا رنگ سرخ کالا ہو چکا تھا، کھانا دیا گیا نہ ہی ویکسی نیشن کی گئی، پھیپھڑوں اور معدے میں سوجن بھی ثابت ہو گئی ہے ، دوران سفرمناسب جگہ نہ ملنے سےشیر کا دم گھٹ گیا، بچانےکیلئےتھراپی کی گئی لیکن شیر جانبر نہ ہوسکا۔