عیدالاضحی‘ صفائی آپریشن ، ساڑھے 10ہزار ٹن آلائشیں ٹھکانے لگائی گئیں

August 04, 2020

اپشاور (وقائع نگار) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) نے تین روزہ عیدالاضحی صفائی کا خصوصی آپریشن رات گئے تک مکمل کرلیا، عید کے تیسرے روز کی سہ پہر تک مجموعی طور ساڑھے 10 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں اٹھا کر ٹھکانے لگائی گئیں۔ عید کے پہلے روز3422.613ٹن، دوسرے روز 4121.23ٹن، تیسرے روز سہ پہر تک 3000ہزار سے زائد ٹن آلائشیں اٹھائی گئیں۔ عید کے تینوں دن شکایات سیل فعال رہا صفائی، آلائشوں، پانی اور نالیوں کی بندش بارے پیر کی سہ پہر تک 330شکایات موصول ہوئیں اور تقریباً تمام کا ازالہ کیا گیا۔گاڑیوں، ٹرانسفر سٹیشنوں اور کلیکشن پوائنٹس کی دھلائی شروع کر دی گئی ہے آپریشن کی نگرانی چیف ایگزیکٹو آفیسر سید ظفر علی شاہ اور جنرل منیجر آپریشنز ریاض احمد خان نے کی، مانیٹرنگ، معمول کی خدمات ، عوامی آگاہی اور شکایات کے ازالے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ آپریشن دو حصوں پرائمری اور سیکنڈری کلیکشن پر مشتمل تھا پرائمری کلیکشن میں 214 چھوٹی گاڑیوں کے ذریعے گلی محلوں سے آلائشیں ٹرانسفر سٹیشن منتقل کی گئیں اور سیکنڈری سطح پر321بڑی گاڑیوں کے ذریعے ڈمپنگ سائٹ لے جائی گئیں۔پرائمری کلیکشن کے دوران ہتھ ریڑیوں ، منی رکشہ ڈمپر اور سوزوکیوں کے ذریعے اندرون شہر اور دیگر گنجان آباد علاقوں سے آلائشیں اور باقیات نکالی گئیں ڈبلیو ایس ایس پی فلیٹ کی 319 گاڑیوں کے علاوہ 216 گاڑیاں کرایہ پر حاصل کی گئی تھیں، آلائشیں محفوظ طریقے سے تلف کرنے کے لئے مقامات مقرر کر تے ہوئے شہریوں میں عید سے پہلے قابل تحلیل پلاسٹک تھیلے تقسیم کئے گئے تھے ۔ ڈمپنگ سائٹ میں آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لئے گڑھا کھودا گیا تھا سپرے اور چونا ڈالنے کے بعد انہیں مٹی سے ڈھانپاگیا ۔ پچھلے سال 12774 ٹن آلائشیں اٹھائی گئی تھیں اور 2538 اہلکار آپریشن میں شریک ہوئے تھے جنہیں 490 گاڑیوں کی مدد حاصل تھی، اس سال 14 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں اٹھانے کا بندوبست کیا گیا تھا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر سید ظفر علی شاہ نے کامیاب عید آپریشن ڈبلیو ایس ایس پی کے تمام شعبوں خصوصاً شعبہ آپریشنز کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ عید آپریشن میں ڈیوٹی انجام دینے والے اہلکاروں کو توصیفی اسناد دی جائیں گی ۔