انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ کیلئے پاکستان کے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان

August 04, 2020


انگلینڈ کے خلاف کل سے شروع ہونے والی سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی سولہ رُکنی ٹیم کا انتخاب کرلیا گیا ہے۔

کپتان اظہر علی نے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا، 20 رکنی اسکواڈ سے فہیم اشرف، عمران خان سینئر، وہاب ریاض اور عثمان شنواری ڈراپ کردیئے گئے۔

وڈیو لنک کے ذریعے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے سولہ رُکنی ٹیم کا اعلان کیا۔

اس اسکواڈ میں اُن کے علاوہ بابر اعظم، اسد شفیق، عابد علی، فواد عالم، امام الحق، کاشف بھٹی، محمد رضوان، محمد عباس، نسیم شاہ، سرفراز احمد، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، سہیل خان اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

پہلے ٹیسٹ کے اسکواڈ میں فہیم اشرف، وہاب ریاض، عمران خان اور عثمان شنواری کو حصہ نہیں بنایا گیا۔

واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ کے لیے پلیئنگ الیون کا انتخاب میچ سے قبل کیا جائے گا۔