20 فیصد افراد سال رواں میں اپنی مالی پوزیشن بحال ہونے کے بارے میں ناامید

August 05, 2020

لندن (پی اے) ایک سروے میں پتہ چلا ہے کہ پانچ میں سے ایک یعنی 20 فیصد افراد کو یقین ہے کہ وہ کورونا وائرس کوویڈ 19 کے اثرات کی وجہ سے اس سال مالی طور پر ریکور نہیں ہو سکیں گے۔ تقریباً 20 فیصد افراد کا خیال ہے کہ 2020 میں ان کی مالی پوزیشن بحال ہو کر ٹریک پر نہیں آ سکے گی۔ پانچ میں سے دو یعنی تقریباً 39 فیصد جواب دہندگان کا کہنا ہے کہ وہ محسوس کرتے ہیں کہ اگر ایک اور ممکنہ لاک ڈائون ہوا تو اس کے اثرات خوفزدہ کردینے والے ہوں گے اور فرلو افراد میں اس کا تناسب بڑھ کر 46 فیصد ہوگیا۔ اس ریسرچ میں سامنے آیا کہ 17 فیصد افراد نے اپنی تمام ایمرجنسی سیونگز کو استعمال کر لیا ہےجبکہ پانچ میں سے ایک سے کچھ زائد 21 فیصد افراد کریڈٹ پر انحصار کر رہے ہیں۔ یہ سروے 7 جولائی سے 10 جولائی تک اوپن اپ 2020 کیلئے کیا گیا تھا۔ یہ انیشی ایٹیو نیسٹا چیلنجز کے زیر انتظام ہے، جس کا مقصد بنائی گئی فنانشل پروڈکٹس کے بارے میں شعور کو اجاگر کرنا ہے تاکہ اوپن بینکنگ ٹیکنالوجی کو ممکن بنایا جا سکے۔ اوپن بینکنگ مختلف پرووائیڈرز کو محفوظ طریقے سے کسٹمرز کی معلومات شیئر کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے، جس سے مناسب طریقے سے نئے ایپس اور اپنے پیسوں کا انتظام کرنے کے دوسرے طریقوں تک رسائی میں مدد ملتی ہے۔ سروے میں ایک تہائی سے زائد یعنی 36 فیصد لوگوں نے کہا کہ وہ مارچ میں لاک ڈائون شروع ہونے کے بعد سے منی مینجمنٹ ایپس استعمال کرنے میں زیادہ آسانی اور سہولت محسوس کرتے ہیں۔ سروے میں، جو برطانیہ بھر میں 2000 افراد سے کیا گیا، یہ پتہ چلا کہ چھ میں سے ایک یعنی 16 فیصد افراد یہ محسوس کرتے ہیں کہ وہ بریڈ لائن پر زندگی بسر کر رہے ہیں اور اس کا احساس فرلو افراد میں اور زیادہ ہے، ایسی سوچ اوراحساسات رکھنے والوں کا تناسب بڑھ کر 26 فیصد ہو جاتا ہے۔ زیادہ سے زیادہ کمانے والے خاص طور پر یہ کہتے ہیں کہ وہ بھی اس کے اثرات محسوس کررہے ہیں۔ 50000 پونڈ سے زائد آمدن والے افراد میں سے 34 فیصد کا کہنا ہے کہ انہیں فی الحال ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے وہ اپنی موجودہ مالی کمٹمنٹس کی وجہ سے ممکنہ طور پر بریڈ لائن پر رہیں گے۔ پانچ میں سے ایک یعنی 20 فیصد افراد کو اس کا خدشہ ہے کہ کورونا وائرس کیسز میں اگر اضافہ ہو گیا تو ان کی مالی سپورٹ نہیں ہوگی۔ 25 سے 34 سال عمر کے افراد میں یہ تناسب بڑھ کر 34 فیصد جبکہ 50000 پونڈ سے زائد کمانے والے افراد میں اس احساس کا تناسب 43 فیصد پایا جاتا ہے۔ تقریباً 17 فیصد افراد کو یقین ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اپنے ریٹائرمنٹ پلانز کو موخر کرنا پڑے گا۔ اور 50000 پونڈ سالانہ سے زائد کمانے والوں میں اسکا تناسب 53 فیصد ہے۔