آج مقبوضہ کشمیر نقشے میں شامل ہوا کل یہ پاکستان کا حصہ ہوگا: عثمان بزدار

August 05, 2020

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ آج مقبوضہ کشمیر نقشے میں شامل ہوا ہے کل یہ پاکستان کا حصہ ہوگا۔

عثمان بزدار سے وزیر مملکت ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں عمومی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے، کشمیر کو پاکستان کے نقشے میں شامل کرنا ہر پاکستانی اور ہر کشمیری کی آواز ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر نقشے میں شامل ہوا کل یہ پاکستان کا حصہ ہوگا، وزیراعظم عمران خان نے ہر فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑا ہے۔

اس موقع پر زرتاج گل نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کا دن اب زیادہ دور نہیں، بھارت کو ہر سطح پر رسوائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کو پاکستان سے جدا نہیں کرسکتی، کشمیر کل بھی ہمارا تھا اور کشمیر آج بھی ہمارا ہے۔