زاہد حفیظ چوہدری نئے ترجمان دفتر خارجہ تعینات

August 05, 2020


سفارت کار زاہد حفیظ چوہدری کو نیا ترجمان دفتر خارجہ تعینات کردیا گیا۔

زاہد حفیظ چوہدری اس وقت وزارت خارجہ میں ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ساؤتھ ایشیا اور سارک ہیں، انہیں عائشہ فاروقی کی جگہ ترجمان دفتر خارجہ مقرر کیا گیا ہے۔

زاہد حفیظ چوہدری امریکا، افغان اور امورِ کشمیر کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ وہ وزارتِ خارجہ ہیڈ کوارٹرز اور فارن مشنز میں خدمات کا 26 سالہ تجربہ بھی رکھتے ہیں۔

زاہد حفیظ چوہدری واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے اور لندن میں پاکستانی ہائی کمشن میں خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔

نئے ترجمان دفتر خارجہ وزارت خارجہ میں ڈی جی افغانستان، ایران اور ترکی بھی رہے ہیں۔

زاہد حفیظ چوہدری نیشنل سیکیورٹی ڈویژن میں جوائنٹ سیکریٹری کے عہدے پر بھی رہے ہیں۔

انہوں نے یونیورسٹی آف لندن سے انٹرنیشنل لا میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی، بزنس ایڈمنسٹریشن میں بھی ماسٹر کیا۔

زاہد حفیظ چوہدری نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی واشنگٹن سے بھی فارغ التحصیل ہیں۔