ترجمان سندھ حکومت کی جماعت اسلامی کی ریلی میں دھماکے کی مذمت

August 05, 2020

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے جماعت اسلامی کی ریلی میں کریکر دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں جماعت اسلامی کے تحت کشمیر یکجہتی ریلی میں دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہو گئے۔

اس دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ شہرِ قائد کا امن تباہ کرنے کی سازش ہے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ملک دشمن قوتیں مذموم مقاصد کے لیے ایسی اوچھی حرکتیں کر رہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کراچی کے امن کو سبوتاژ کرنے کی بزدلانہ کارروائی کی مذمت کرتے ہیں جبکہ جماعتِ اسلامی کے کارکنان سے اظہارِ افسوس کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں جماعت اسلامی کے تحت کشمیر یکجہتی ریلی میں دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکہ ریلی کے قریب چلتی گاڑی سے نامعلوم ملزمان کی جانب سے کریکر پھینکنے کے نتیجے میں ہوا، جو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی اور متعدد افراد کو زخمی ہوکر گرتے ہوئے دیکھا گیا۔