مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر پر جمہوریت اور مساوات کے چیمپئن خاموش

August 05, 2020


بھارت کی جانب سے کشمیریوں کی خود مختاری غصب کیے جانے کو ایک سال گزرگیا، جمہوریت اور مساوات کے چیمپئن اس دوران خاموش رہے۔

کشمیریوں پر بھارتی انتظامیہ کے جابرانہ لاک ڈاؤن پر ایک سال سے دنیا اور عالمی ادارے غفلت کی نیند سورہے ہیں، کئی سال سے جاری ظلم و جبر پر کسی نے توجہ ہی نہیں دی۔

لوگ مارے جارہے ہیں، چادر کی حرمت تو کیا ہوگی، چار دیواری جلائی جارہی ہے، کشمیری یہ سب برداشت کررہے ہیں۔

بھارتی سرکار کا آئین معطلی کا فیصلہ کشمیریوں کو منظور نہیں، بھارت کے یک طرفہ فیصلے کو سال گذرا مگر اسے واپس کرانے کی جدوجہد جاری ہے۔

بدلے میں کشمیریوں پر جبر مسلسل مسلط ہے، لیکن وہ لڑ رہے، صبر کررہے ہیں اور دنیا کی مدد کا انتظار بھی کررہے ہیں، لیکن افسوس ہے دنیا پر، جمہوریت، مساوات اور برابری کے چیمپئنز اور عالمی اداروں پر، جنہیں جبر سہتے نہ بوڑھے دکھائی دے رہے ہیں، نہ عورتیں اور نہ بچے نظر آتے ہیں۔

امن، برابری، انصاف کی باتیں اقوام متحدہ، یورپی یونین، امریکہ اور دیگر عالمی طاقتیں کرتی ضرور ہیں، لیکن ان کے نفاذ کی کوششوں میں ا ن کا کردار بھی دیکھیں۔

ایک سال سے ختم کی گئی کشمیر کی آئینی خودمختاری پر عملاً کچھ بھی نہیں کیا جاسکاہے، گہری نیند میں ہیں غالباً، جانے انہیں اس غفلت سے کوئی جگانے والا بھی ہے۔