وزیراعظم سے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے وفد کی ملاقات

August 05, 2020

وزیراعظم پاکستان عمران خان سے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے وفد نے مظفرآباد میں ملاقات کی، جہاں وزیراعظم نے ایک مرتبہ پھر ہر سطح اور ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز بلند کرنے کے عزم کو دہرایا۔

حریت وفد میں محمد حسین خطیب، سید فیض نقشبندی، غلام محمد صفی، شیخ عبدالمتین، شمیم شال و دیگر شامل تھے۔

حریت کانفرنس کے وفد نے وزیرِ اعظم پاکستان کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔

وفد نے بھارتی غیر قانونی و یکطرفہ اقدامات کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے پر پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

حریت وفد کا کہنا تھا کہ موثر انداز میں مظلوم کشمیریوں کی آواز بننے پر کشمیری قوم وزیرِاعظم کی مشکور ہے۔

انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے نریندر مودی کے فاشسٹ چہرے کو بے نقاب اور دنیا کو بھارت کا اصل روپ دکھایا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کشمیر کی قانونی حیثیت کو تبدیل کرکے کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔

انھوں نے کہا کہ آر ایس ایس کے فلسفے پر عمل پیرا بھارتی حکومت کے فاشسٹ عزائم پوری دنیا پر واضح ہو چکے ہیں۔

عمران خان نے ایک مرتبہ پھر اپنا عزم دہرایا کہ وہ ہر سطح اور ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر محاذ پر کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔