نیا نقشہ تحریک کشمیر کا ابھرتا ہوا روڈ میپ ہے، وی سی جامعہ پشاور

August 06, 2020

پشاور (خصوصی نامہ نگار) پشاور یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف نے کہا ہے کہ نیا نقشہ تحریک کشمیر کا ابھرتا ہوا روڈ میپ ہے ، کشمیر کاز کیلئے بڑی چھوٹی جامعات میں کشمیر چیئر کا قیام وقت کی آواز ہے جو جدوجہد کشمیر کو ایک نئی قوت اور زاویہ فراہم کرے گا۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیر قانونی ہتھکنڈوں اور جاری غیر قانونی کرفیو کا ایک سال پورا ہونے پر یوم استحصال کے موقع پر ایک بیان میں انہوں نے مقتدر حلقوں پر زور دیا کہ وہ سفارتی، انسانی اور سیاسی بنیادوں پر تحریک کشمیر کا موقف اقوام عالم کے سامنے دو ٹوک انداز میں پیش کرے جس کیلئے عوامی بیانیہ اور قومی بیانیہ کشمیریوں کی عین امنگوں کے مطابق ہو ۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کی تمام جامعات کو یکسوئی کے ساتھ منطقی اور استدلالی بحث و مباحثہ کو کشمیر کاز کیلئے مختص کرنا ہوگا تاکہ کشمیری عوام اس کربناک دور سے گزرتے ہوئے اپنے آپ کو اکیلے نہ سمجھے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک کی چھوئی بڑی جامعات میں کشمیر چیئر کے قیام کا بندوبست کرے تاکہ کشمیر کاز کو علمی و عالمی بیانیہ کے طور پر پیش کرنے میں آسانی ہو۔