پاکستان میں کورونا ویکسین کی ٹیسٹنگ کی تیاری شروع

August 06, 2020

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائسنسز کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان نے کورونا ویکسین کی ٹیسٹنگ کی تیاری شروع کردی ہے، آسٹریلیا میں تیار ہونے والی ویکسین پاکستانی مریضوں پر ٹیسٹ کریں گے۔

ویکسین کی ٹیسٹنگ سےمتعلق یو ایچ ایس میں ویڈیو اجلاس اور میڈیا بریفنگ ہوئی جس میں آسٹریلیا سے پروفیسر نکولائی پیٹر ووسکی، پروفیسر ڈیوڈ گورڈن نے ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کی، جبکہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق رفیع بھی ویڈیو لنک سے شریک ہوئے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر پاکستان میں ویکسین کی ٹیسٹنگ 25 افراد پر کی جائے گی، ان افراد کو اصل ویکسین دی جائے گی جبکہ 25 مریضوں کو کنٹرول کے طور پر بے اثر دوا دی جائے گی۔

ڈاکٹر جاوید اکرم نے بتایا کہ کوویکس 19 کے نام سے تیار ہونے والی ویکسین پہلے مرحلے پر کامیاب ثابت ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے پر ویکسین کو جانوروں پر استعمال کیا گیا، ویکسین آسٹریلوی فلنڈرز یونیورسٹی میں پروفیسر نکولائی پیٹرووسکی اور انکی ٹیم نے تیارکی ہے۔

ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ انسانوں پر ٹیسٹنگ کیلئے فلنڈرز یونیورسٹی اور یو ایچ ایس کے درمیان معاہدہ ہوگا، کراچی کی جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی بھی معاہدہ کا حصہ ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ ویکسین آسٹریلیا سے چند دنوں میں پاکستان پہنچ جائے گی۔

----------------