انگلش ٹیم مشکلات کا شکار، 92 رنز پر چار کھلاڑی آؤٹ

August 06, 2020

مانچسٹر ٹیسٹ میں شان مسعود کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے انگلینڈ کیخلاف پہلی اننگز میں 326 رنز بنائے، شان مسعود نے 156 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ پاکستانی بولرز نے بھی شاندار آغاز کیا اور دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک 92 رنز پر انگلینڈ کی چار وکٹیں گرادیں۔

مانچسٹر ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی پہلی اننگز کے 326 رنز کے جواب میں جواب میں انگلینڈ کا آغاز اچھا نہ تھا۔ 12 رنز پر 3 کھلاڑی روری برنس، ڈوم سیبلی اور بین اسٹوکس پویلین لوٹ گئے۔

کھیل ختم ہونے سے قبل جو روٹ کی اننگز بھی ختم ہوگئی۔ انگلینڈ نے کھیل کے اختتام تک 4 وکٹ پر 92 رنز بنالئے ۔ اولی پوپ 46 اور جوز بٹلر 15 رنز بناکر وکٹ پر موجود ہیں۔

محمد عباس نے دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور یاسر شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

مانچسٹر ٹیسٹ میں پاکستان کو اب بھی 234 رنز کی برتری حاصل ہے۔

اس سے قبل پاکستان نے اپنی نامکمل پہلی اننگز 139 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی اور پہلے ہی اوور میں بابر اعظم کی وکٹ کی صورت میں پاکستان کو دن کا پہلا اور مجموعی طور پر تیسرا نقصان ہوا۔

بابر اعظم 69 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اسد شفیق اور محمد رضوان جلد آؤٹ ہوگئے۔

دوسرے اینڈ پر شان مسعود ڈٹے رہے اور اپنی سنچری مکمل کی۔ انہوں نے شاداب خان کے ساتھ چھٹی وکٹ کیلئے ایک سو پانچ رنز کی شراکت بنائی۔

شاداب خان 45 رنز بنانے کے بعد ایک غیر ضروری شاٹ کھیلتے ہوئے آؤٹ ہوگئے۔

یاسر شاہ پانچ اور محمد عباس بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

دوسری جانب شان مسعود رنز بناتے رہے اور سنچری کو ڈیڑھ سو میں تبدیل کیا۔ ان کی اننگز 156 رنز پر تمام ہوئی۔ انہوں نے 319 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 18 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔

یوں پاکستان نے پہلی اننگز میں 326 رنز بنائے۔

انگلینڈ کے جوفرا آرچر اور اسٹورٹ براڈ نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کرس ووکس نے دو وکٹیں لیں۔