وفاقی بیوروکریسی، بڑے پیمانے پر تبادلوں اور ریٹائرمنٹ کے احکامات جاری

August 09, 2020

اسلام آباد ( آن لائن ) وفاقی بیورو کریسی میںبڑے پیمانے پر تقرر و تبادلوں، ریٹائرمنٹ کے احکامات جاری کر دیئے گئے ۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے باضابطہ طور پر جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق مینیجنگ ڈائریکٹر نیشنل فرٹیلائزر مارکیٹنگ لمیٹڈ ڈاکٹر عِصمت طاہرہ ایڈیشنل سیکرٹری تخفیفِ غربت ڈویژن تعینات کر دیا ہے جبکہ پنجاب حکومت میں تعینات گریڈ 21 کی مسز بشریٰ امان ایڈیشنل سیکرٹری صدر سیکرٹریٹ پبلک تعیناتی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن ڈاکٹر اعجاز منیر کی 17 سے 22 اگست تک رخصت منظورکرلی گئی جبکہ ڈاکٹر اعجاز منیر کی غیر موجودگی میں سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کا اضافی چارج سپیشل سیکرٹری کو تفویض کر دیا گیا ہے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 22 کے عرفان علی او ایس ڈی بنا دیئے گئے۔تقرری کے منتظر گریڈ 19 کے محمد طاہر ڈپٹی سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی ڈویژن ، محمد ناصر خان ڈپٹی سیکرٹری آبی وسائل ڈویژن ،ڈپٹی سیکرٹری آبی وسائل ڈویژن ناطق حسین ڈپٹی سیکریٹری مواصلات ڈویژن تعینات کر دیئے گئے ہیں۔