کراچی: وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری

August 09, 2020

(تصاویر: سہیل رفیق)

کراچی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، شہر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

کراچی: وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری

مون سون کا سسٹم کمزور پڑ گیا، تاہم کراچی میں بارش کا سلسلہ تھم نہ سکا، چوتھے روز بھی علی الصباح گلستانِ جوہر، عائشہ منزل، نارتھ ناظم آباد، کریم آباد، واٹر پمپ اور گلبرگ میں تیز بارش ہوئی۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق اب مون سون کا سسٹم کمزور پڑ رہا ہے جس کے زیرِ اثر شہر میں آج بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد میں آج کم سے کم درجۂ حرارت 26 اعشاریہ 5 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت آج 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

شہر میں جنوب مغربی سمت سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب 84 فیصد ہے۔

طوفانی بارشوں کے بعد ملیر ندی میں طغیانی کے باعث پانی سڑک پر آ جانے سے کورنگی کازوے پر گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں

دوسری جانب کئی علاقوں اور شاہراہوں پر جمع بارش کا پانی اب تک نکالا نہ جا سکا، پاک فوج کی ٹیمیں سول انتظامیہ کے ساتھ ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں۔

موسلا دھار بارش سے ملیر ندی میں طغیانی آگئی اور اس کا پانی کورنگی کازوے پر بہنے کے باعث سڑک بند کر دی گئی ہے۔

قیوم آباد سے کورنگی کراسنگ جانے والا راستہ بھی ندی اوور فلو ہونے کے باعث بند ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں کل بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

جہانگیر روڈ پر بھی بدستور بارش کا پانی موجود ہے جسے نکالنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔

بابائے قوم کی جائے پیدائش وزیر مینشن اور اس سے ملحقہ گلیوں میں بارش اور سیوریج کا پانی بدبو پھیلا رہا ہے، گزشتہ 3 روز سے یہ پانی جوں کا توں کھڑا ہے۔

نیو کراچی میں گودھرا روڈ برساتی نالہ اوور فلو ہونے کے باعث زیرِ آب آ گیا۔

طوفانی بارشوں کے بعد ملیر ندی میں طغیانی کا منظر

پی ای سی ایچ ایس کے کشمیر روڈ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بھی بارش کا پانی موجود ہے۔

محمود آباد میں بارش اور نالے کا پانی اترنے کے بعد پیچھے رہ جانے والا کچرا علاقے میں تعفن کا باعث بن رہا ہے۔

حالیہ بارش سے گلبہار کا کشمیری محلہ کئی بار ڈوبا، کشمیری محلے میں پانی اترنے کے بعد کیچڑ اور گندگی کے ڈھیر لگے ہیں۔

کشمیری محلے میں نالے کے ساتھ حفاظتی دیوار موجود تھی، حالیہ بارشوں میں نالے کی حفاظتی دیوار ٹوٹ گئی ،جس سے پانی کشمیری محلے میں داخل ہوا۔

ادھر شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے جبکہ کے الیکٹرک کا دعویٰ ہے کہ شہر کے بیشترعلاقوں میں بجلی بحال ہے، فالٹس کی درستگی کا کام بھی جاری ہے۔