اٹھارویں ترمیم سے صوبوں کو خود مختاری نہیں ملی، پاک سر زمین پارٹی

August 10, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاک سر زمین پارٹی کے وائس چیئرمین اشفاق منگی نے مون سون کی حالیہ بارشوں سے سندھ اور بلوچستان میں ہونے والی تباہی پر گہری تشویش کا اظہار کیا اپنے ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ مون سون کی بارشوں نے سندھ اور بلوچستان میں تباہی مچا دی ہے، نالوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث نالوں کا گندا پانی گھروں کے اندر داخل ہو گیا ہے، فصلیں تباہ ہو گئی ہیں ، کیونکہ انفرا اسٹریچر موجود نہیں ہے انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم سے صوبوں کو خود مختاری نہیں ملی بلکہ وزیر اعلیٰ کو خود مختاری مل گئی ہے، جس طرز پر صوبوں کو نیشنل فنانس کمیشن کا ایوارڈ دیا جاتا ہے عین اسی طرز پر صوبے ڈسٹرکٹ کے لیے پروونشل فنانس کمیشن کے ایوارڈ کا اجراء لازم قرار دیا جائے، اسکے علاوہ جس طرز پر صوبوں کو صوبائی خودمختاری حاصل ہے عین اسی طرز پر ڈسٹرکٹ اور شہری سطح پر خودمختاری دی جائے۔