افغانستان میں 2001کی جنگ کے آغاز اور امن کو بروئے کار لانے کی کوششوں کی اہم تاریخیں

August 10, 2020

افغانستان میں 2001کی جنگ کے آغاز اور امن کو بروئے کار لانے کی کوششوں کی اہم تاریخیں

کراچی (نیوز ڈیسک) لویہ جرگہ کی جانب سے 4 سو طالبان قیدیوں کی رہائی کی منظوری، جس کی توثیق صدر اشرف غنی نے کی، حکومت اور باغیوں کے مابین امن مذاکرات کی راہ ہموار کر رہی ہے جس کا مقصد 19 سالہ جنگ کا خاتمہ ہے۔ گزشتہ 19 سالوں میں افغانستان میں امریکی شمولیت اور اس میں ہونے والی اہم پیشرفت کی تاریخ درج ذیل ہے۔ افغان جنگ میں امریکی فوج کے 2 ہزار 3 سو ارکان ہلاک اور20 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں جبکہ اندازاً ایک لاکھ سے زائد افغان شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔ 11ستمبر 2001 کو القاعدہ رہنماء اسامہ بن لادن کی جانب سے افغانستان میں بنائے گئے منصوبے کے تحت امریکا پر دو خودکش حملوں کے بعد امریکا افغانستان میں داخل ہوا۔ 7 اکتوبر 2001 کو امریکی فورسز نے طالبان القاعدہ فورسز پر حملوں کے ساتھ فضائی مہم کا آغاز کیا۔ 13 نومبر 2001کو امریکی حمایت یافتہ شمالی اتحاد کی افواج کابل میں داخل ہوئیں جیساکہ طالبان جنوب سے ہٹ گئے۔