کورونا کنٹرول ہونے کیساتھ مرحلہ وار کاروبارکھولنا چاہئے تھا،تجزیہ کار

August 10, 2020


کراچی (ٹی وی رپورٹ)سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے جیوکے پروگرام ”میرے مطابق“ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سب کچھ کھول رہی ہے اگر کورونا دوبارہ کھل گیا تو سب کئےکرائے پر پانی پھر جائے گا، کورونا کنٹرول ہونے کے ساتھ ساتھ مرحلہ وار کاروبار کھولا جانا چاہئے تھا،جنہیں شہر چلانے نہیں آتے انہیں بنانے کیسے آئیں گے، میزبان شجعیہ نیازی سے گفتگو کرتے ہوئے حسن نثار کا کہنا تھا کہ اسٹیل مل، بھل صفائی، دہشتگردی، واپڈا، زلزلہ زدگان کے بعد کراچی کے کچرا بھی فوج نے اٹھانا ہے تو اس ملک کا سیاسی کچرا کیا کرنے آیا ہے، فوج کا بنیادی کام ملک کا دفاع ہے لیکن کون سا کام ہے جووہ نہیں کرتے ہیں۔راوی کنارے نئے شہر کے سنگ بنیاد پر حسن نثار نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے کہ شہروں کو خاص حد سے تجاوز نہ کرنے دو نئے شہر آباد کرو، ہمارے رویے عجیب و غریب قسم کے ہیں، ہم کام کرتے ہیں مگر اس میں دیرکردیتے ہیں، ایک بات سمجھ نہیں آتی جنہیں شہر چلانے نہیں آتے انہیں بنانے کیسے آئیں گے، سنگ بنیاد رکھنے کے ہم بادشاہ ہیں جب نیا شہر بنے گا پھر دیکھیں گے، شہر ٹاؤن پلانرز، انجینئرز یا بلڈرز نہیں شہری بناتے ہیں۔