مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو بند کیا جائے، مقررین

August 11, 2020

ہمبرگ (پ ر) تحریک کشمیر یورپ کی اپیل پر مقبوضہ کشمیر میں گذشتہ ایک سال سے مسلسل لاک ڈائون، کرفیو ،بھارتی فوج کی درندگی،حریت قیادت کو گھروں اور جیلوں میں بند کرنے کے خلاف مختلف مختلف سیاسی ، سماجی اور دینی تنظیموں کے تعاون سے ہمبرگ سٹی سنٹر میں بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے بھارت کے مظالم کے خلاف نعرے بازی کی ،مظاہرین نے مختلف بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے اور مطالبہ کر رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی پامالیوں کو بند کیا جائے، کشمیریوں کے ساتھ انصاف کیا جائے، بھارت کی نو لاکھ فوج کشمیر سے نکل جائے، اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کیا جائے اور مسئلہ کشمیر کو پُر امن طور پر حل کیا جائے۔مظاہرے سے تحریک کشمیر جرمنی ہمبرگ کے صدر ریاض شائد گھمن مسلم لیگ ن یوتھ ہمبرگ کے صدرراناعامر محمد اور دیگر سیاسی اور سماجی رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ ایک سال سے بھارت نے پورے کشمیر کو ایک جیل خانے میں تبدیل کر رکھا ہے، بیرونی دنیا سےرابطہ بند کر رکھا ہے اس کے باوجود کشمیر کا بچہ بچہ بھارت کے خلاف چٹان کی طرح کھڑا ہے، مودی کے تمام تر مظالم کے باوجود استقامت کا مظاہرہ کیا جارہا ہے، کشمیریوں کے حوصلوں میں کوئی کمی نہیں ہوئی ،کشمیری مشکل اور نامساعد حالات میں بھی آزادی کی جدوجہد کو جاری رکھے ہوئے ہیں، کشمیری عوام نے ثابت کر دیا کہ وہ آزادی کی منزل حاصل کر کے دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیوں کے نتیجے میں مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوچکا ،خطے میں پائی جانے والی کشیدگی کو ختم کرنے کیلئے مسئلہ کے حل پر توجہ دینی چاہئے، بھارت جس طرح جنگ کی دھمکیاں دے رہا ہے اس خطے کے امن کو شدید خطرہ ہے، عالمی امن کے علمبرداروں کو مسئلہ کشمیر پُرامن حل کے لیے بھارت کو مجبور کرنا ہوگا تاکہ وہ مذاکرات اور امن کا راستہ اختیار کرے۔