وکٹوریہ اسکوائر پر مظاہرہ سے حوصلےبلند ہوئے،راجہ امجد

August 13, 2020

برمنگھم (نمائندہ جنگ) یوم استحصال کے موقع پر یورپ کی سب سے بڑی لوکل کونسل اتھارٹی برمنگھم سٹی کونسل کے تاریخی وکٹوریہ اسکوائر پر آزادی کے 565نشان اس بات کی غمازی کرتے ہیں کہ تحریک آزادی کشمیر کے وارث زندہ ہیں اور کامیاب احتجاجی مظاہرے سے ثابت ہوگیا ہے کہ دنیا بھر کی طرح دوسرے بڑے شہر برمنگھم میں آزادی کشمیر پر یقین رکھنے والی قوتیں اس بات پر متفق ہیں کہ جموں و کشمیر کی حتمی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار کامیاب مظاہرے کے انعقاد کے بعد وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کے اوورسیز کوآرڈینیٹر راجہ امجد خان، مسلم لیگ ن برمنگھم کے صدر راجہ تجمل نوابی، تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی، پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین برطانیہ کی صدر انجم جرال نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا اور کامیاب مظاہرے پر شرکا کا شکریہ ادا کیا۔ راجہ امجد خان نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کی خصوصی ہدایت پر کشمیر کے قومی دنوں کی مناسب سے بھرپور احتجاج کرتے رہیں گے۔ راجہ فہیم کیانی نے کہا کہ کورونا وائرس کے باوجود لوگوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ راجہ تجمل نوابی نے کہا کہ کامیاب مظاہرے سے کشمیریوں کے جذبے بلند ہوئے ہیں۔ صدر پی پی برطانیہ انجم جرال نے کہا کہ خواتین کی بھرپور شرکت نے کشمیریوں کو آزادی کی منزل کے قریب کردیا ہے۔