بی آر ٹی کے بارے میں بہت زیادہ بدگمانی پھیلائی گئی، شہباز گل

August 13, 2020

شہباز گِل کیبی آر ٹی منصوبے سے متعلق گفتگو

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل کا بی آر ٹی منصوبے سے متعلق کہنا ہے کہ بی آر ٹی کے بارے میں بہت زیادہ بدگمانی پھیلائی گئی۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گِل نے ممبر صوبائی اسمبلی کامران خان بنگش اور وزیر ٹرانسپورٹ کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران بی آر ٹی منصوبے پر بات کرتے ہوئےکہا ہے کہ بی آر ٹی کے بارے میں بہت زیادہ بدگمانی پھیلائی گئی، مسلم لیگ نے ٹوئسٹ کر کے بی آر ٹی کو پیش کیا، مسلم لیگ ن تو سریا بیچنے میں ماہر ہے، مسلم لیگ ن کی مہارت اسی میں ہے جہاں سے وہ پیسہ بناسکیں۔

شہباز گل نے کہا ہے کہ لاہور میٹرو کا بی آر ٹی منصوبے سے موازنہ نہیں کیا جاسکتا، بی آر ٹی کے ساتھ بہت سارے فیڈر روٹس ہیں، بی آر ٹی کا مین روٹ 27 کلو میٹر اور فیڈر روٹس ساٹھ کلو میٹرز ہیں، بی آرٹی سے لاہور اور ملتان کے منصوبے بالکل مختلف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ نے اس پراجیکٹ پر شہر میں خوب تباہی مچائی، بی آرٹی لاہور کے منصوبے سے تین گنا بڑا منصوبہ ہے، لاہور کے منصوبے کی بسیں کرائے پر ہیں، بی آرٹی کی نو ارب کی بسیں ساڑھے چھ ارب میں خریدی گئیں، بی آر ٹی منصوبے میں 3 پلازے ہیں، بی آر ٹی میں سائیکلنگ ٹریک بھی بنایا گیا ہے۔

شہباز گل کا کہنا تھا کہ لاہورمیٹرو میں صرف 9 کلومیٹر حصہ اوپر ہے، بی آر ٹی منصوبے میں 13 کلومیٹر حصہ زمین کے اوپر ہے، بی آر ٹی کا 3 کلومیٹر حصہ زیر زمین بھی ہے، بی آر ٹی کی 128 بسیں آج سے چلیں گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ احسن اقبال یہاں آکر جو جھوٹ بول رہے ہیں، احسن اقبال سن لیں، بی آر ٹی کی گنجائش 3 لاکھ سے زیادہ ہے، لاہور میٹرو کا پورا ماڈل سبسڈی کےساتھ بنایا گیا، بی آر ٹی میں تین کمرشل پلازے بنائے جارہے ہیں۔

شہباز گل نے کہا ہے کہ بی آرٹی میں شریف خاندان کا کمیشن اور سریا ہوتا تو تین سو ارب کا منصوبہ بن جاتا، اپوزیشن تو بی آر ٹی خراب کرنے کی کوشش کرتی ہے، بی آر ٹی میں لوکل ٹرانسپورٹرز سے بسیں خریدی گئیں، انہیں وظیفہ بھی دیا جارہا ہے، بی آرٹی منصوبے میں کچھ پوشیدہ نہیں۔

شہباز گل کا مزید کہنا تھا کہ آنے والے وقت میں مزید نئے منصوبے بنائیں گے، بی آر ٹی لارجر ایکو سسٹم ہے، بی آرٹی میں تاخیر کا معاملہ دہشت گردی کی وجہ سے بنا، بی آر ٹی اپنے وقت سے پہلے مکمل ہوا، 2021 میں مکمل ہونا تھا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا وعدہ ہے پورا کردیا گیا، اس منصوبے پر احتساب کروانے کو تیار ہیں چاہے جب بھی کیا جائے۔

شہباز گل کا کہنا تھا کہا ہے کہ ہم ہیومن ڈیویلپمنٹ کے منصوبے کررہے ہیں، وزیراعظم جلد بچوں کی نشوونما سے متعلق منصوبے کا افتتاح کریں گے۔

پریس کانفرنس کے دوران وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد وزیر کا کہنا تھا کہ جب بی آرٹی شروع کیا ہمیں عدالتوں میں گھسیٹا گیا، بی آر ٹی منصوبے کو سیاست میں الجھایا گیا، جو ٹرانسپورٹرز اپنی بسوں کو سکریپ کرنا چاہتے ہیں ہم ان کو بی آر ٹی منصوبے کے فنڈز سے پیسے دیں گے۔

وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا ہے کہ جو ٹرانسپورٹرز روزگار حاصل کرنا چاہتے ہیں ان کو متبادل روٹس کے پرمٹ دیں گے۔

ممبر صوبائی اسمبلی کامران خان بنگش نے بی آر ٹی منصوبے پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک لاکھ سے زیادہ افراد نے بی آر ٹی کے سفری کارڈز حاصل کر لیے ہیں، اب غریب اور مزدور طبقہ کم کرائے پر بہترین ٹرانسپورٹ میں سفر کرسکیں گے۔