امن و امان کیلئے علماء کا کردار مثالی رہا ہے‘ آئی جی اسلام آباد کی پیر نقیب الرحمان اور علماء سے ملاقاتیں

August 14, 2020

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار،جنگ نیوز) آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے کہا ہے کہ امن و امان کیلئے علماء کرام کا کردار اہم اور مثالی رہا ہے۔ جشن آزادی اور محرم الحرام کے دوران بھی علماء مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں کردار ادا کریں۔ آئی جی بادشاہی مسجد لاہور کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد چیئرمین مجلس علماء پاکستان کی قیادت میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام کے وفد سے ملاقات کر رہے تھے۔دریں اثناء آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے گزشتہ روز دربار عالیہ عیدگاہ شریف کابھی دورہ کیا اور پیر محمد نقیب الرحمان اور محمد حسان حسیب الرحمان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر بین المذاہب ہم آہنگی‘ محرم میں امن و امان سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں خطیب بادشاہی مسجد لاہور مولانا عبدالخبیر آزاد اور سابق صوبائی وزیر چوہدری فیصل مشتاق بھی موجود تھے۔