عمر اکمل کیس: PCB نے عالمی ثالثی عدالت میں اپیل دائر کردی

August 18, 2020


عمر اکمل کیس: PCB نے عالمی ثالثی عدالت میں اپیل دائر کردی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرکٹر عمر اکمل کی سزا میں کمی کے خلاف سوئٹزرلینڈ کے شہر لوزین میں قائم کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں اپیل دائر کردی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی او او سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ اپیل کا فیصلہ ہمارے لیے آسان نہیں تھا، تفصیلی فیصلے کے جائزہ لینے کے بعد آزاد ایڈجیوڈیکیٹر کے فیصلے پر کچھ تحفظات تھے۔

سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ عمر اکمل کے کیس میں پی سی بی نے سوچا کے اپیل کرنا ضروری ہے، پی سی بی کا فیصلے پر پہلا اعتراض یہ تھا کہ کیا کورٹ کو ہمدردانہ رویے کی بنیاد پرسزا کم کرنے کا اختیار ہے ۔

خیال رہے کہ فکسنگ کی آفر ہونے پر حکام کو بروقت اطلاع نہ دینے پر انڈیپینڈنٹ ایڈجیوڈی کیٹر نے عمر اکمل کی اپیل پر ان کی سزا 36 ماہ سےکم کرکے 18 ماہ کردی تھی اور جسٹس ریٹائرڈ فقیرمحمد کھوکھر نے ہمدردانہ رویہ اختیارکرتے ہوئے پابندی کی مدت میں کمی کی تھی۔

تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد پی سی بی نے کھیلوں کی ثالثی عدالت میں جانے کا فیصلہ کیا تھا۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے آغاز سے چند گھنٹوں قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے عمر اکمل کو معطل کردیا تھا اور وہ پی ایس ایل میں اپنی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی نہیں کر سکے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی پر عمر اکمل کو معطل کیا تھا اور انہیں نوٹس آف چارج جاری کرتے ہوئے 14 دن کے اندر جواب طلب کیا گیا تھا۔

عمر اکمل نے نوٹس کا جواب جمع کراتے ہوئے اینٹی کرپشن ٹربیونل میں سماعت کے لیے درخواست نہیں کی تھی جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے معاملہ ڈسپلنری کمیٹی کے چیئرمین اور لاہور ہائی کورٹ کے سابق جج فضل میراں چوہان کے سپرد کردیا تھا جنہوں نے 27 اپریل کو فیصلہ دیا اور عمر اکمل کے ہر طرز کی کرکٹ کھیلنے پر 3 سال کی پابندی عائد کردی تھی۔

عمر اکمل نے سزا کے خلاف اپیل کی تھی اور 29 جولائی کو انڈیپنڈنٹ ایڈجوڈیکیٹر جج نے بلے باز عمر اکمل کے حوالے سے انضباطی کیس سے متعلق فیصلہ سناتے ہوئے ان کی 3 سالہ پابندی کو کم کرکے 18 ماہ کردیا تھا۔