تاجروں کی تجاویز پر شناختی کارڈ کا مسئلہ حل کیا گیا، صدر مملکت

August 18, 2020

صدر پاکستان عارف علوی نے کہا ہے کہ تاجروں کی تجاویز کی روشنی میں شناختی کارڈ کا مسئلہ حل کیا گیا ہے۔ تاہم اب بھی اگر کوئی اچھی تجویز آئے گی تو اس پر ضرور غور ہو گا۔ لیکن اب یہ معاملہ موخر نہیں ہو سکتا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کو گورنر ہاؤس کراچی میں سابق صدر کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن ادریس میمن کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

وفد میں رؤف عیسیٰ علی انیکس، ایم فہیم ارشد، ذکریا ملک، اسلم اسد اور سردار شامل تھے۔ ادریس میمن نے چھوٹے تاجروں کیلئے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شناختی کارڈ کے مسئلے پر تاجر پریشان ہیں اس لئے ہماری تجویز ہے کہ فکس ٹیکس کی مناسب شرح کو رائج کیا جائے اور مارکیٹ میں ایف بی آر کے چھاپوں کو روکا جائے۔

وفد نے صدر مملکت سے کہا کہ مارکیٹوں پر چھاپے مارنے کی بجائے اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے چمن، کے پی کے اور ڈرائی پورٹس پر کسٹم کی چیکنگ سخت کی جائے۔ جبکہ ملک میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لئےکاپی رائٹس اور ٹریڈ مارکس کے قوانین کو درست کیا جائے اوراس سے آگاہ کیا جائے۔