احد رضا میر ناخوش کیوں؟

August 22, 2020

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکار احد رضا میر عالمگیر وبا کورونا کے باعث لندن میں ہونے والے تھیٹر کے موخر ہونے پر ناخوش ہیں۔

سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے اداکار نے بتایا کہ عالمی وبا کے باعث رواں سال برطانیہ میں تھیٹرکرنے سے محروم رہیں گے۔

انسٹاگرام پوسٹ میں اداکار نے لکھا کہ ’بدقسمتی سے اس سال ہم تھیٹر نہیں کریں گے، روز تھیٹر اور میں نے ہیملٹ کی پروڈکشن اگلے سال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘


خیال رہے کہ ہیملٹ عظیم انگریزی مصنف اور ناول نگار ولیم شیکسپیئر کی تصنیف ہے جسے روز تھیٹر کی جانب سے لندن میں پیش کیا جانا تھا لیکن اب اسے 2021 تک موخر کردیا گیا ہے۔

احد رضا میر نے اپنی پوسٹ میں یہ بھی لکھا کہ ’تھیٹر کا یوں موخر کیا جانا ایک عجیب تجربہ ہے لیکن ہم سب مل کر شیکسپیئر کے لفظوں کا جادو جگانے کیلئے جلد ملیں گے۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ سال ماہِ جون میں کینیڈا میں ہونے والی ایک ایوارڈ شو کی تقریب میں بہترین انٹرنیشنل تھیٹر اداکار کا ایوارڈ جیتا تھا۔

احد کو یہ ایوارڈ مقبول تھیٹر پلے ’ہیملٹ اے گھوسٹ اسٹوری‘ میں بہترین پرفارمنس پر دیا گیا۔ ہیملٹ عظیم انگریزی مصنف اور ناول نگار ولیم شیکسپیئر کی تصنیف ہے۔