ماحول دوست مکانات میں استعمال ہونے والا مواد

August 30, 2020

ماحول دوست گھروں کے بے شمار فوائد کے باعث دورِ جدید میں ان کی تعمیر کو ترجیحدی جارہی ہے۔ ایسے گھروں کی تعمیر میں ماحول دوست تعمیراتی مواد استعمال کیا جاتا ہے کیونکہ یہ استعمال شدہ توانائی کی استعداد کار میں اضافہ کرتے ہوئے انسانی صحت اورماحولیات پر اپنے اثرات کو کم کرتا ہے۔

مختلف طریقہ کار کے تحت استعمال

عمارتیں بنانے میں ماحول دوست تعمیراتی مواد کا انتخاب دو طریقوں سے کیا جاسکتا ہے۔

٭ پہلے طریقے کے تحت ایسے تعمیراتی مواد کا انتخاب کرنا ہے، جس کے ذریعے ماحولیاتی اثرات کو کم سے کم کیا جاسکے مثلاًتعمیراتی عمل کے دوران نئے مواد کے بجائے استعمال شد ہ مواد (Recycle material)چننا۔ اگر آپ تعمیرات کے لیے نئی لکڑی کا انتخاب کرتے ہیں تو یقیناًآپ کو یہ لکڑی درختوں کی کٹائی سے حاصل ہوگی اور درختوں کی کٹائی سے ماحولیات پر اثر پڑتا ہے۔ اس کے برعکس استعمال شدہ لکڑی کا استعمال ماحولیاتی اثرات کو کم کرتا ہے۔

٭ دوسرے طریقہ کار میں ان تعمیراتی مواد کا انتخاب شامل ہے جو پائیدار توانائی کو فروغ دینے کا باعث بنیں جیسے کہ سبز عمارتیں سردی اور گرمی کے اثرات کو کم کرتی ہیںجس کا نتیجہ توانائی کی بچت اور قدرتی وسائل کے استعمال کی کمی کی صورت نکلتا ہے۔

آج کے مضمون میں ہم تعمیراتی مواد کی ان اقسام کی بات کریں گے جو ماحول دوست مواد کے طور پر استعمال ہوتے ہیں۔

ری سائیکل اسٹیل

اسٹیل کی تیاری کے دوران فضا میں پھیلنے والی بُو توانائی کی ایک بہت بڑی مقدار جذب کرلیتی ہے۔ دھات پگھلانے والی بھٹی اور اس بھٹی یا کارخانے کے آس پاس ماحول میں بدبو اور گیسوں کااخراج ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ماحول دوست مکانات کی تعمیر کے لیے نئے اسٹیل کے بجائے ری سائیکل اسٹیل ایک مقبول مواد کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔

اس کے لیے پرانے گھروں کے ڈھانچے( بیم یا گرڈ ز ) میں استعمال کیے جانے والے اسٹیل کو ری سائیکل کیا جاتا ہے۔ دوسری جانب غیر استعمال شدہ گاڑیوں سے بھی یہ اسٹیل حاصل کیا جاتا ہے، ایک اندازے کے مطابق چھ خراب گاڑیوں سے نکالاجانے والا اسٹیل 2000مربع فٹ گھروں کی تعمیر کے لیے کافی رہتا ہے۔ ماہرین کے مطابق ، تعمیرات میں ری سائیکل اسٹیل کا استعمال 75فیصد توانائی کی بچت کا باعث بنتا ہے۔

بانس

بانس یا بیمبو کا استعمال تعمیراتی مواد کی حیثیت سے تیزی سے مقبول ہورہا ہے۔ یہ لکڑی کی ایک انتہائی مضبوط قسم ہے جوبآسانی دستیاب بھی ہوتی ہے۔ بانس ہلکے وزن کا لچک دار مگر فولاد کی طرح مضبوط ماحول دوست مواد ہے، جس میں تناؤ کی بے حد قوت پائی جاتی ہے۔ یہی نہیں، بانس دیگر مواد کی نسبت50فیصد کم قیمت بھی ہوتا ہے۔ تعمیرات میں لکڑی کی اس قسم کا استعمال فرش اور دیواروں کے لیے کیا جاتا ہے۔ قدرتی طور پروافر مقدار میں دستیاب بانس گھروں کو لمبے عرصے تک پائیدار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

تیار شدہ کنکریٹ

کنکریٹ بآسانی ری سائیکل کیا جانے والا قدرتی مواد ہے۔ماحول دوست مکانات کی تعمیر کے لیے یہ بہترین انتخاب ثابت ہوتا ہے۔ بجری کی تیار شدہ سلیں (Precast concret)، کنکریٹ کی دوسری قسموں کے برعکس ماحول دوست ہیں۔ کنکریٹ کی تیاری کے لیے اسے بجلی کے تاروں پر بنے سانچوں پر بچھایا جاتا ہے، ایک بار جب کنکریٹ سخت ہوجائے تو اسے مختلف سانچوں میں ڈھالنا آسان ہوجاتا ہے۔ تیار شدہ بجری کی سلیں، بجری بچھانے کے برعکس زیادہ کفایتی سمجھی جاتی ہیں۔

استعمال شدہ لکڑی

جیسا کہ ہم اوپر بھی ذکر کرچکے ہیں کہ استعمال شدہ لکڑی ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے میں مددگار ہوسکتی ہے۔ گزشتہ کئی برسوں سے گھروں اور تعمیراتی ڈھانچوں کی بنیاد میں لکڑی کا زیادہ سے زیادہ استعمال ٹرینڈ بن گیا ہے۔ لکڑی نہ صرف ایک پائیدار تعمیراتی متبادل ہے بلکہ اس سے زبردست ماحولیاتی اور اقتصادی فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں، لہٰذا لکڑی وہ واحد قابل تجدید مواد ہے، جسے تعمیرات میں استعمال کرنا قدرے آسان ہے۔

اون کا استعمال

بھیڑ سے حاصل کیا جانے والا اون بآسانی دستیاب ہوتا ہے۔ اون میں موجود موصل کی خصوصیت کے سبب گرم کپڑوں کی تیاری میں اس کا استعمال صدیوں سے ہوتا آیا ہے۔ موصلیت کی اسی خصوصیت کے باعث اون کو چھتوں، دیواروں اور بالاخانوں میں انرجی ایفیشنٹ انسولیٹر کے طور پر استعمال کیاجارہا ہے۔