• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماہرہ نے پاکستانی فنکاروں پر بھارت میں عائد پابندی کیخلاف آواز اٹھالی

ماہرہ خان— فائل فوٹو
ماہرہ خان— فائل فوٹو

پاکستان کی عالمی شہرت یافتہ سُپر اسٹار اداکارہ ماہرہ خان نے پاکستانی فنکاروں پر بھارت میں عائد پابندی کے خلاف آواز بلند کردی۔

اداکارہ نے پاکستانی نامور شخصیات اور مختلف سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھارت کی جانب سے عائد حالیہ پابندی کو ایک ’سیاسی کھیل‘ قرار دیتے ہوئے سرحد پار افہام و تفہیم کو فروغ دینے میں فن کی اہمیت پر زور دیا۔

حال ہی میں دورانِ انٹرویو جب ماہرہ خان سے بھارت کی جانب سے پاکستانی فنکاروں پر عائد پابندی سے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے کہا، ’میری اس حوالے سے کوئی رائے نہیں، میں اب بھی اپنے تمام مداحوں سے پیار کرتی ہوں، پرستار پرستار ہوتے ہیں، لوگ لوگ ہیں۔ اس کا سیاست سے کیا تعلق؟‘

انہوں نے فنون لطیفہ کے نام پر ہونے والی سیاست پر تنقید کرتے ہوئے کہا، ’اِس پر پابندی لگا دو، یا اُس پر پابندی لگا دو، یہ سب یہ ایک سیاسی کھیل ہے، میں اس پر یقین نہیں رکھتی۔‘

ماہرہ خان نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ جب کبھی بھی سیاسی یا فوجی تنازعہ ہوتا ہے تو ہمیشہ اس میں فنکاروں کا نقصان ہوتا ہے کیوں؟ فنکاروں کو سب سے پہلے نقصان کیوں اٹھانا پڑتا ہے؟، یہ بہت عجیب بات ہے۔ جنگ شروع ہوتی ہے یا کوئی سیاسی مسئلہ پیدا ہوتا ہے، پہلا حملہ فنکاروں پر ہوتا ہے۔ کیوں؟

اداکارہ نے مزید کہا، ’فن تو لوگوں کو جوڑنے کا ذرائع ہے لیکن جنگ کوئی تنازعہ ہو تو سب سے پہلے اسی پر پابندی لگا دیتے ہیں، یا اسی ذریعے کو ختم کر دیتے ہیں جو امن کی بات کرتا ہے۔‘

خیال رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے سیاحتی علاقے پہلگام پر فائرنگ کے واقعے میں 26 سیاح مارے گئے تھے، جس کے بعد بھارت نے پہلے سندھ طاس معاہدہ معطل کیا اور پھر پاکستان سے تمام سفارتی تعلقات ختم کر دیے۔

اسی دوران بھارت نے پاکستانی فنکاروں سمیت ان کی فلموں اور مختلف سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپنے ملک میں مکمل پابندی عائد کردی تھی۔

دریں اثنا بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحیت کی کوشش بھی کی تاہم پاکستان کی بھرپور دفاعی کارروائی میں دشمن کو اپنے جدید لڑاکا طیاروں اور ایئر ڈیفنس سسٹم کھونے کا غم اٹھانا پڑا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید