سی ڈی این ایس کی بچت اسکیموں اور سرٹیفکیٹس پر شرح منافع میں اضافہ

September 01, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وفاقی حکومت نے سینٹرل ڈائریکٹریٹ آف نیشنل سیونگز(سی ڈی این ایس)کی مختلف بچت اسکیموں اور سرٹیفکیٹس پر شرح منافع میں اضافہ کردیاہے۔ سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز سے جاری کردہ اعلامئے میں کہا گیاہے کہ نیشنل سیونگز اسکیمز کے نظر ثانی شدہ شرح منافع کا اطلاق 28 اگست سے ہو گا ۔نوٹیفکیشن کے مطابق اسپیشل سیونگ سرٹیفکٹس پر اوسط شرح منافع 6.87 فیصد سے بڑھا کر 7.77 فیصد، ڈیفنس سیونگس سرٹیفکٹس پر شرح منافع 8.44 سے بڑھا کر 8.49 فیصد اور ریگولر انکم سیونگ سرٹیفکٹس پر شرح منافع 7.8 سے بڑھاکر 8.04 فیصد کردی گئی تاہم بہبود، پینشن اور شہدا ویلفیئر سرٹیفکٹس پر منافع کی شرح 10.32 فیصد پر برقرار رہے گی۔علاوہ ازیں مختصر مدت کے سرٹیفکٹس پر بھی شرح منافع میں اضافہ کردیا گیا۔اس میں 3 ماہ کے سرٹیفکیٹس پر شرح منافع 6.12 سے بڑھا کر 6.60 فیصد، چھ ماہ کے سرٹیفکیٹس پر شرح منافع 6.14 سے بڑھا کر 6.80 فیصد اور 12ماہ کے سرٹیفکیٹس پر شرح منافع پر 6.2 فیصد سے بڑھا کر 6.8 فیصد کردی گئی۔یاد رہے کہ رواں برس اپریل میں حکومت نے سینٹرل ڈائریکٹریٹ آف نیشنل سیونگز کی تمام بچت اسکیموں اور اکائونٹس پر شرح منافع کم کردی تھی۔ریٹ آف ریٹرنز پر نظرِ ثانی کر کے اس میں کمی اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے پالیسی ریٹ میں کمی کے ساتھ پاک انویسٹمنٹ بانڈز اور ٹریژری بلز پر طویل مدتی سرمایہ کاری کی گرتی ہوئی سیکنڈری مارکیٹ کی پیداوار کے سبب کی گئی تھی۔