جنوبی وزیرستان، دہشت گردوں کی فائرنگ، 3 سیکورٹی اہلکار شہید، 4 زخمی

September 01, 2020

جنوبی وزیرستان، دہشت گردوں کی فائرنگ، 3 سیکورٹی اہلکار شہید، 4 زخمی

اسلام آباد (وقائع نگار ،ایجنسیاں)جنوبی وزیرستان میں سرچ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ سے پاک فوج کے 3جوان شہید ہوگئے، دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 4 سیکورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئےپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی ، جس کے نتیجے صوبیدار ندیم، سپاہی سلیم اور لانس نائیک مصور شہید ہوگئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں 4جوان زخمی بھی ہوئے۔ اس سے قبل 14جولائی کو بلوچستان کے ضلع پنجگور میں دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کے نتیجے میں 3جوان شہید اور 8 زخمی ہوگئے تھے۔قبل ازیں 12جولائی کو خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوگئے تھے جبکہ 4 دہشت گردوں کو بھی ہلاک کردیا گیا تھا۔،دریں اثنا جنوبی وزیرستان میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی گئی ۔رکن اسمبلی رابعہ فاروقی کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کے جوانوں نے ملک قوم کے لئے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں،فوجی جوان ہمارا فخر ہیں اورپوری قوم اپنے جوانوں کے ساتھ ہے ۔