الحمداللّٰہ سر کے بال دوبارہ سے اگناشروع ہو گئے: نادیہ جمیل

September 02, 2020

موذی مرض کینسر کو شکست دینے والی نادیہ جمیل کا کہنا ہے کہ الحمداللّٰہ سر کے بال دوبارہ سےاُگنا شروع ہو گئے ہیں۔

سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے اداکارہ اور سماجی کارکن نادیہ جمیل نے لکھا کہ اپنے ساتھ ساتھ ہمیں دوسروں کے احساسات اور جذبات کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ کینسر کے علاج کے بعد ان کی صحت بہتر ہو رہی ہے اور اب الحمداللّٰہ بال بھی دوبارہ سے آنا شروع ہو گئے ہیں۔


نادیہ جمیل کا کہنا تھا کہ کینسر سے پہلے وہ زیادہ تر اپنے بارے میں سوچتی تھیں لیکن اب ان کی سوچ میں تبدیلی آگئی ہے اور اب وہ دوسروں کے احساسات اور جذبات کا خیال رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر چیز کے لیے اللہ کا شکرادا کرنا چاہیے اور اس سے مکمل طور پر لطف اندوز ہونا چاہیے۔

خیال رہے کہ نادیہ جمیل کم از کم 3 ماہ تک اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد 16 جولائی کو گھر منتقل ہوگئیں تھیں۔

کینسر کی تشخیص کے چند دن بعد ہی 7 اپریل کو اداکارہ کی پہلی سرجری کی گئی تھی جو خوش قسمتی سے کامیاب گئی تھی، جس کے بعد اداکارہ کے مزید علاج کے لیے کیموتھراپی کا آغاز کیا گیا تھا۔

کیموتھراپی کے دوران ہی نادیہ جمیل نے مئی میں اپنے سر کے بال منڈوا لیے تھے اور وہ پہلے دن سے مداحوں کو سوشل میڈیا پر اپنی صحت سے متعلق آگاہ کرتی رہی ہیں۔