آزاد کشمیر میں کورونا کے 87 مریض رہ گئے، راجہ فاروق حیدر

September 04, 2020

وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کا کہنا ہے کہ حکومت کی بہترین حکمت عملی سے آزاد کشمیر میں کورونا کے صرف 87 مریض رہ گئے ہیں۔

راجہ فاروق حیدر کی زیر صدارت اسٹیٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں حفاظتی اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو ڈس انفیکٹ کیا جائے گا، تمام تعلیمی اداروں میں ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ پہلے مرحلے میں یونیورسٹیز، میڈیکل اور ڈگری کالجز اور ہائی اسکولوں میں بڑی کلاسز کا اجراء ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے دس مریض اسپتالوں میں اور 77 مریض گھروں میں آئسولیشن میں ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں 24 گھنٹوں میں کورونا کا صرف ایک مریض سامنے آیا ہے۔

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کورونا سے کل 2306 افراد متاثر اور 65 جاں بحق ہوئے ہیں۔